جرمنی میں اعلیٰ تعلیم یافتہ اور تجربہ کار غیر ملکی انجینئرز بالخصوص پاکستانی ماہرین کے لیے روزگار کی ایک وسیع مارکیٹ کھل گئی ہے۔ بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ (BEOE) کے مطابق پاکستانی انجینئرز مطلوبہ اہلیت اور قانونی ویزا تقاضے پورے کر کے جرمنی میں مستقل قیام اور روزگار کے لیے باقاعدہ درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔
عالمی سطح پر جرمنی کو اعلیٰ معیار کی مشینری، صنعتی پلانٹس، گاڑیوں کی تیاری اور الیکٹرو ٹیکنیکل مصنوعات کے شعبوں میں ایک پیش رو ملک تصور کیا جاتا ہے۔
اس وقت جرمن صنعتی شعبے میں جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے مسلسل انضمام کی وجہ سے انجینئرنگ کے ماہرین کے لیے نئے افق اور کاروباری امکانات سامنے آ رہے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، جرمنی کے اندر ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کے شعبے میں اس وقت بڑی تعداد میں خالی آسامیاں موجود ہیں جن کے لیے اعلیٰ سطح کی تکنیکی مہارت اور تجربہ رکھنے والے افراد کی تلاش ہے۔ اس کے علاوہ آٹومیشن ٹیکنالوجی، آرکیٹیکچر، تعمیراتی منصوبہ بندی اور آٹو موٹیو انڈسٹری میں بھی انجینئرز کی خاصی مانگ ہے۔
آٹو موٹیو شعبے کے حوالے سے بی ای او ای نے نشاندہی کی ہے کہ الیکٹرک گاڑیوں اور خودکار (Auto-Driven) ڈرائیونگ جیسے جدید رجحانات کے فروغ نے روزگار کے شاندار امکانات پیدا کیے ہیں۔
اسی طرح قابلِ تجدید توانائی (Renewable Energy)، ماحولیاتی تحفظ اور مصنوعی ذہانت (AI) کے شعبوں میں بھی ماہرین کی شدید ضرورت ہے۔
تکنیکی پیداوار کی منصوبہ بندی و انتظام، کوالٹی اشورنس، مشین و ماڈل سازی اور تعمیرات جیسے مختلف شعبوں میں کارآمد انجینئرز کے لیے باقاعدہ مواقع میسر ہیں۔ بہترین اہلیت اور عملی تجربہ رکھنے والے افراد کو انتظامی و قیادتی پوزیشنز تک پہنچنے کی سہولت بھی حاصل ہوتی ہے۔
جرمنی میں ملازمت کے خواہش مند تمام غیر یورپی (Non-EU) شہریوں بشمول پاکستان کے لیے متعلقہ مقاصد کا رہائشی اجازت نامہ (Residence Permit) حاصل کرنا ضروری ہے۔ اس مقصدا کے لیےکوالیفائیڈ پروفیشنلز ورک ویزااور ‘یورپی یونین (EU) بلیو کارڈ جیسے اہم قانونی راستے دستیاب ہیں۔
اگرچہ جرمنی میں بطور انجینئر کام شروع کرنے کے لیے جرمن زبان پر عبور حاصل ہونا لازمی شرط نہیں ہے تا ہم اس سے واقفیت ملازمت کی جگہ پر رابطے کو بہتر بناتی ہے اور روزمرہ امور میں انتہائی مددگار ثابت ہوتی ہے۔
بی ای او ای کا بتانا ہے کہ خواہش مند افراد جرمنی کے سرکاری پورٹل Make it in Germany پر دستیاب Quick Check سسٹم کے ذریعے اپنی اہلیت کا پہلے سے تخمینہ لگا سکتے ہیں جس کے بعد وہ سرکاری جاب لسٹنگز میں اپنے شعبے کے مطابق نوکریاں تلاش کر کے فوری اپلائی کر سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : قطری وزارت داخلہ کا بڑا اعلان!صرف 4 شرائط پر 30 دن کا فری ویزا حاصل کریں!
پیشہ ورانہ اسناد کی منظوری، ویزا کے طریقہ کار اور زبان سیکھنے کے تمام وسائل بھی آن لائن دستیاب ہیں جس کی بدولت تعلیمی و قانونی ضوابط پورے کرنے والے پاکستانی انجینئرز کے لیے جرمن جاب مارکیٹ کا حصہ بننا انتہائی آسان ہو گیا ہے۔





