پشاور: خیبرپختونخوا میں تبدلی اور انصاف کا ڈھول پیٹنے والی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی گڈ گورننس کا قلعی ایک بار پھر کھل کر سامنے آ گئی ہے، جہاں غریب عوام کے علاج معالجے اور صحت کا سامان بھی شاہی لوٹ مار کی نذر کر دیا گیا۔
صوبائی محکمہ صحت میں طبی دستانوں (ایگزامینیشن گلوز) کی خریداری میں ایک ارب روپے کے ہولناک اسکینڈل نے خیبرپختونخوا میں قائم احتساب کے تمام نعروں کا جنازہ نکال دیا ہے۔
نگران حکومت کے دور سے شروع ہونے والی اس لوٹ مار پر خاموش تماشائی بنی موجودہ پی ٹی آئی حکومت کے ناک تلے قومی خزانے کو کروڑوں نہیں بلکہ پورے ایک ارب روپے کا چونا لگایا گیا، جس پر اب محکمہ صحت کی ابتدائی انکوائری کے بعد محکمہ انسدادِ بدعنوانی (اینٹی کرپشن) نے بھی شکنجہ کسنا شروع کر دیا ہے۔
سرکاری دستاویزات کی اندرونی کہانی نے پی ٹی آئی کے ماڈل صوبے کے پچکتے ہوئے دعووں کو تار تار کر دیا ہے۔ فروری 2024 میں نگران دورِ حکومت کے دوران صوبے کے سرکاری ہسپتالوں کے لیے 4 کروڑ 35 لاکھ ایگزامینیشن گلوز کی خریداری کی منظوری دی گئی، جس کی مد میں فروری اور مارچ 2024 کے دوران بالترتیب 98 کروڑ 39 لاکھ روپے کی خطیر رقم جاری کی گئی۔
پی ٹی آئی کے دعویداروں کی چشم پوشی کا عالم یہ رہا کہ مارکیٹ میں جس 100 دستانوں کے ڈبے کی اصل قیمت صرف 700 روپے تھی، اسے سرکاری ہسپتالوں کے لیے 2 ہزار 260 روپے کے انتہائی فربہ ریٹ پر خریدا گیا۔
یعنی غریب عوام کے ٹیکس کے پیسے پر تین گنا سے بھی زیادہ ریٹ لگا کر اپنے لاڈلوں کی جیبیں بھری گئیں اور کرپشن کا یہ گھناؤنا کھیل بغیر کسی خوف کے جاری رہا۔
یہ بھی پڑھیں : خزاں کے رنگ کہاں کھو گئے؟ درختوں نے وقت سے پہلے پتے گرانا کیوں شروع کردیے؟
بدعنوانی کا یہ شرمناک باب صرف مہنگے دستانوں کی خریداری پر ہی ختم نہیں ہوتا بلکہ اس میں کاغذات کے اندر اربوں روپے غائب کرنے کی وہ داستان رقم کی گئی ہے جو پی ٹی آئی کے انتظامی ڈھانچے کی تباہی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
سرکاری ریکارڈ میں دعویٰ کیا گیا کہ 30 لاکھ دستانے پشاور کے متنی کیٹیگری ڈی اسپتال، 30 لاکھ ڈی ایچ کیو باجوڑ اور 1 کروڑ 92 لاکھ 30 ہزار دستانے شمالی وزیرستان کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کو فراہم کیے گئے۔
لیکن جب حقیقت کھلی تو متعلقہ افسران نے ان دستانوں کی وصولی سے صاف انکار کر دیا، جس سے یہ سچائی واضح ہو گئی کہ 2 کروڑ 92 لاکھ دستانے صرف کاغذی گھوڑے دوڑا کر جعلی انوائسز کے ذریعے غائب کیے گئے۔
موجودہ حکمرانوں کی مجرمانہ غفلت اور بدعنوانی پر پردہ ڈالنے کی روایت اس وقت مکمل طور پر ننگی ہو گئی جب ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ کے گودام کی تلاشی لی گئی۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا محکمہ ریلیف میں 13 سالہ بھرتیوں اور مالی معاملات کا ریکارڈ طلب، ثمر ہارون بلور کا بڑا حکم
کروڑوں دستانوں کا دعویٰ کرنے والے محکمے کے پاس گودام میں صرف 43 لاکھ دستانے موجود تھے، جبکہ باقی 3 کروڑ 92 لاکھ دستانوں کا نہ تو کوئی وجود ملا اور نہ ہی ان کی تقسیم کا کوئی ریکارڈ سامنے آ سکا۔
12 سال سے خیبرپختونخوا پر مسلط پی ٹی آئی کی قیادت، جو ہر پلیٹ فارم پر شفافیت اور احتساب کے بھاشن دیتی نہیں تھکتی، اس ایک ارب روپے کے کھلم کھلا ڈاکے پر اب بغلیں جھانکنے پر مجبور ہے۔
محکمہ انسدادِ بدعنوانی نے اب اس میگا اسکینڈل کی خریداری، جعلی تقسیم، دستاویزات اور اس وقت تعینات ملوث افسران کا تمام ریکارڈ طلب کر کے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔
غریب اور پسماندہ اضلاع جیسے باجوڑ اور شمالی وزیرستان کے نام پر ملنے والا فنڈ کاغذی دستانوں کی نذر کر کے صوبائی خزانے کو صاف کر دیا گیا، جس نے پی ٹی آئی کے نام نہاد ہیلتھ ریفارمز اور کرپشن فری خیبرپختونخوا کے ڈرامے کا ڈراپ سین کر دیا ہے۔





