اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ایل پی جی کی قیمتوں میں منافع خوری روکنے اور مستحق خاندانوں کو سستی گیس فراہم کرنے کے لیے نئے اقدامات کا اعلان کردیا ہے۔ وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے ڈیٹا کی بنیاد پر مستحق افراد کو ایل پی جی پر خصوصی ریلیف دیا جائے گا۔
ایک بیان میں وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ عالمی منڈی میں موجودہ قیمتوں کے حساب سے ایل پی جی کی فی کلو قیمت تقریباً 450 روپے بنتی ہے، تاہم بعض عناصر کی جانب سے اس شعبے میں منافع خوری کی گئی۔ حکومت کا مقصد عوام کو مناسب قیمت پر ایل پی جی کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔
علی پرویز ملک کے مطابق ایل پی جی کی درآمد کا عمل مسابقتی بنیادوں پر کھولا جا رہا ہے تاکہ مختلف کمپنیاں اس شعبے میں حصہ لے سکیں۔ اس کے علاوہ تمام متعلقہ کمپنیوں کو اپنی ویب سائٹس پر ایل پی جی کی قیمتیں نمایاں کرنے کی ہدایت کی جائے گی تاکہ صارفین کو نرخوں سے متعلق معلومات دستیاب ہوں۔
وزیر پیٹرولیم نے مزید بتایا کہ مقامی سطح پر پیدا ہونے والی ایل پی جی کی فراہمی نیلامی (آکشن) کے ذریعے کی جائے گی، جس سے اس شعبے میں شفافیت اور مسابقت کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔
یہ بھی پڑھیں : لکی مروت میں پولیس کا بڑا آپریشن، خودکش بمبار سمیت 2 دہشتگرد ہلاک
انہوں نے کہا کہ حکومت بی آئی ایس پی کے ڈیٹا کو استعمال کرتے ہوئے مستحق خاندانوں تک ایل پی جی پر ریلیف پہنچانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ اس کے ساتھ کوشش کی جا رہی ہے کہ دسمبر اور جنوری کے دوران ملک میں گیس کی فراہمی کا سلسلہ برقرار رکھا جاسکے تاکہ سردیوں میں صارفین کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی واضح ہدایت ہے کہ حکومتی فیصلوں کے نتیجے میں عوام پر اضافی مالی بوجھ نہ پڑے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ عوام کو درپیش مشکلات کم کی جائیں اور انہیں ریلیف فراہم کیا جائے۔
عطا اللہ تارڑ کے مطابق ایل پی جی سے متعلق کیے گئے فیصلوں کی وفاقی کابینہ نے منظوری دے دی ہے۔
حکومتی اقدامات کے تحت ایل پی جی کی درآمد، مقامی فراہمی اور قیمتوں کے تعین کے نظام میں تبدیلی لانے کے ساتھ مستحق افراد کو خصوصی ریلیف دینے پر توجہ دی جا رہی ہے۔





