لکی مروت میں پولیس کا بڑا آپریشن، خودکش بمبار سمیت 2 دہشتگرد ہلاک

لکی مروت : خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں پولیس نے بہادری اور بروقت کارروائی کی لازوال مثال قائم کرتے ہوئے دہشت گردی کا ایک بہت بڑا اور ہولناک منصوبہ ناکام بنا دیا ہے۔

گنڈی چوک کے قریب پولیس اور فتنہ الخوارج کے کارندوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں خودکش بمبار سمیت 2 دہشت گرد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے، جبکہ ایک زخمی خوارجی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا جس کی گرفتاری کے لیے تعاقب جاری ہے۔

پولیس ترجمان کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق لکی مروت کے حساس علاقے گنڈی چوک میں کالے شیشوں والی ایک انتہائی مشکوک موٹر کار کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملی تھی۔

اطلاع ملتے ہی پولیس کی نڈر اور چاق و چوبند نفری فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس کی گاڑی دیکھتے ہی کار میں سوار مشتبہ خوارجیوں نے خوف کے عالم میں فرار ہونے کی کوشش کی اور پولیس اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کھول دی۔ پولیس جوانوں نے فوری طور پر حکمتِ عملی کے تحت پوزیشنیں سنبھالیں اور جوابی فائرنگ کی۔

طرفین کے درمیان کچھ دیر تک جاری رہنے والے اس شدید فائرنگ کے تبادلے میں گاڑی میں سوار ایک خودکش بمبار اور اس کا ساتھی موقع پر ہی ڈھیر ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں : بے نامی جائیدادوں کا سچ کھلا تو فضل الرحمن کے ٹولے کی کھلم کھلا دہشت گردی، راشد سومرو، ضیاء الرحمن اور ناصر سومرو کی ‘آزاد ڈیجیٹل’ کے سی ای او کو قتل کی دھمکیاں

فائرنگ کے دوران ایک اور دہشت گرد شدید زخمی ہوا جو موقع سے بھاگ نکلنے میں کامیاب ہو گیا، جس کی تلاش کے لیے گرد و نواح کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔

واقعے کے فوری بعد پولیس نے دہشت گردوں کی تباہ شدہ گاڑی کی باریک بینی سے تلاشی لی تو اس کے اندر سے بھاری مقدار میں جدید ترین اسلحہ، ایمونیشن، کالعدم تحریک طالبان پاکستان (TTP) کا جھنڈا، بھیس بدلنے کے لیے استعمال ہونے والے خواتین کے برقعے اور دیگر مشکوک سامان برآمد ہوا۔

پولیس حکام کے مطابق برآمد شدہ سامان اور بارودی مواد کی نوعیت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ یہ دہشت گرد ضلع میں کسی انتہائی بڑی تخریبی کارروائی اور تباہی پھیلانے کے لیے نکلے تھے، جسے پولیس کے شیر جوانوں نے اپنی جان پر کھیل کر ناکام بنا دیا۔

سنگین واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (CTD) کی سنگین نفری نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر علاقے کو مکمل سیل کر دیا ہے۔

فرار ہونے والے زخمی خوارجی کی گرفتاری کے لیے وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن اور انٹیلی جنس بیسڈ نگرانی کا سلسلہ تیز کر دیا گیا ہے، جبکہ ہلاک ہونے والے دونوں دہشت گردوں کی لاشوں کو تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے تاکہ ان کی شناخت کا عمل مکمل کیا جا سکے اور ان کے سہولت کاروں تک پہنچا جا سکے۔

آئی جی پی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کی پولیس جوانوں کو شاباش

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کے ماڈل صوبے کا جنازہ، 3 کروڑ 92 لاکھ دستانے صرف کاغذوں میں تقسیم، اربوں غائب

دوسری جانب انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے اس کامران اور بروقت کارروائی پر لکی مروت پولیس کے جوانوں اور افسران کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں تھپکی اور شاباش دی ہے۔

آئی جی پی ذوالفقار حمید کا کہنا تھا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ اور ملک و قوم کی سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس اہلکار قوم کے اصل ہیروز ہیں، جن کی شجاعت پر پوری قوم کو بے پناہ فخر ہے۔

آئی جی پی خیبرپختونخوا نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبے سے آخری خوارجی اور دہشت گرد کے مکمل خاتمے تک پولیس کی یہ جدوجہد اور آپریشنز بلا تعطل جاری رہیں گے اور امن کے دشمنوں کو کہیں سر چھپانے کی جگہ نہیں دی جائے گی۔

Scroll to Top