مبینہ ٹیکس چوری، بینک اکاؤنٹس اور اثاثوں کی چھان بین، فضل الرحمان کے خاندان اور قریبی ساتھیوں سمیت پانچ نام سامنے آگئے

فضل الرحمان کے اہل خانہ اور قریبی ساتھیوں کے خلاف مبینہ ٹیکس چوری اور آمدن چھپانے کے الزامات سے متعلق شکایت فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں جمع کرا دی گئی ہے۔

ایف بی آر کو موصول ہونے والی شکایت میں سینیٹر کامران مرتضیٰ، لطف الرحمان، ضیاء الرحمان، اسعد محمود اور ابرار احمد خان کے مالی معاملات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

شکایت گزار نے پانچوں افراد کے اثاثوں، بینک اکاؤنٹس، ذرائع آمدن اور مالی لین دین کی جانچ پڑتال کی درخواست کی ہے تاکہ مبینہ طور پر غیر ظاہر شدہ آمدن اور ممکنہ ٹیکس بے ضابطگیوں کا تعین کیا جاسکے۔

درخواست میں سینیٹر کامران مرتضیٰ کے متعدد ملکی اور غیر ملکی کرنسی اکاؤنٹس کی مالی سرگرمیوں کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے، جبکہ لطف الرحمان کے مختلف بینکوں میں موجود اکاؤنٹس اور کاروباری سرگرمیوں کی ٹیکس قوانین کے تحت جانچ کی درخواست بھی کی گئی ہے۔

اسی طرح ضیاء الرحمان کے بینک اکاؤنٹس میں مبینہ طور پر غیر واضح رقوم کی موجودگی، اسعد محمود کے مختلف اکاؤنٹس اور ابرار احمد خان کے بینک اکاؤنٹس، ٹریول اینڈ ٹورز کے کاروبار اور متعلقہ مالی معاملات کی چھان بین کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

شکایت میں مختلف فلاحی، تعلیمی اور کاروباری اداروں سے منسلک مالی لین دین کا جائزہ لینے کی بھی درخواست کی گئی ہے۔

شکایت گزار نے ایف بی آر سے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ افراد کے اثاثوں، ٹیکس گوشواروں اور بینک ٹرانزیکشنز کا تقابلی جائزہ لیا جائے اور اگر تحقیقات کے دوران ٹیکس قوانین کی خلاف ورزی یا غیر ظاہر شدہ آمدن ثابت ہو تو قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔

تاہم شکایت میں عائد کیے گئے الزامات کی آزادانہ تصدیق اور ایف بی آر کی جانب سے تحقیقات یا کسی کارروائی کی باضابطہ تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئی ہیں۔

Scroll to Top