نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے تبلیغی اجتماع میں شرکت کے لیے آنے اور واپس جانے والے شرکاء کے محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی ہدایات جاری کردی ہیں۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق شرکاء دورانِ سفر ٹریفک قوانین کی پابندی یقینی بنائیں اور نماز، قیام و طعام کے لیے مقررہ مقامات استعمال کریں۔
موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر غیر ضروری طور پر گاڑیاں کھڑی کرنے سے گریز کیا جائے تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔
ترجمان نے ہدایت کی ہے کہ سفر شروع کرنے سے قبل گاڑی کی فنی حالت اور اگلی و پچھلی لائٹس کی جانچ ضرور کی جائے تاکہ دورانِ سفر کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جاسکے۔
موٹروے پولیس نے واضح کیا ہے کہ گاڑیوں کی چھتوں پر مسافروں کو بٹھانا اور مسافروں یا سامان کی غیر محفوظ طریقے سے نقل و حمل ممنوع ہے، لہٰذا تمام ڈرائیورز ان ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔
یہ بھی پڑھیں: پشاور ہائی کورٹ کا این ایچ اے کو ہزارہ موٹر وے کا مرمتی کام تین ماہ میں مکمل کرنے کا حکم
ترجمان کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتِ حال یا مدد کے لیے موٹروے پولیس کی ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے، جبکہ دورانِ سفر رہنمائی اور تازہ سفری معلومات کے لیے موٹروے پولیس کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس @nhmp سے بھی استفادہ کیا جاسکتا ہے۔





