وفاقی آئینی عدالت نے تھری ایم پی او کے تحت گرفتاریوں سے متعلق پشاور ہائیکورٹ کے عبوری احکامات معطل کرتے ہوئے ہائیکورٹ کو ایسے مقدمات کی مزید سماعت سے روک دیا۔
چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ دورانِ سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ عدالت اس معاملے پر فریقین کو نوٹسز جاری کر رہی ہے، جبکہ دیگر متاثرہ فریقین بھی عدالتی حکم کی روشنی میں اپنی درخواستیں دائر کر سکتے ہیں۔
سماعت کے دوران ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا نے مؤقف اختیار کیا کہ آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت فوجی کارروائیوں والے علاقوں میں ہائیکورٹ مداخلت نہیں کر سکتی اور نہ ہی آرٹیکل 199 کے تحت اپنے اختیارات استعمال کر سکتی ہے۔
اس پر جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ ہائیکورٹ میں روزانہ آرٹیکل 199 کے تحت متعدد مقدمات سماعت کے لیے آتے ہیں، کیا عدالت ان مقدمات کی سماعت بھی نہیں کرے گی؟
دورانِ سماعت وکیل شاہ فیصل الیاس نے حکمِ امتناعی پر اعتراض اٹھاتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ عدالت کو حکم جاری کرنے سے قبل ان کا مؤقف بھی سننا چاہیے تھا۔
یہ بھی پڑھیں: اصغر خان اچکزئی عبوری ضمانت منسوخ ہونے پر کمرہ عدالت سے گرفتار
چیف جسٹس امین الدین خان نے جواب دیا کہ عدالتی حکم کا جائزہ لے کر اپنے اعتراضات دائر کیے جا سکتے ہیں۔ عدالت نے فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے دیگر متعلقہ فریقین کو بھی درخواستیں دائر کرنے کی اجازت دے دی۔
بعدازاں وفاقی آئینی عدالت نے کیس کی مزید سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ پشاور ہائیکورٹ نے اپنے عبوری احکامات میں تھری ایم پی او کے تحت گرفتاریوں سے روکا تھا، جس کے خلاف خیبرپختونخوا حکومت نے وفاقی آئینی عدالت سے رجوع کیا تھا۔





