پاکپتن میں دیپالپور روڈ پر ملتان سے قصور جانے والی مسافر بس اور مخالف سمت سے آنے والے تیز رفتار ٹرک کے درمیان ایسا خوفناک تصادم ہوا جس نے پورے علاقے کو دہلا کر رکھ دیا۔
حادثہ اس قدر شدید اور تباہ کن تھا کہ مسافر بس لوہے کا مڑا ہوا ڈھانچہ بن گئی جبکہ چاروں طرف آہ و بقا اور چیخ و پکار کی صداؤں سے فضائیں گونج اٹھیں۔
دل دہلا دینے والے اس حادثے کے نتیجے میں پیرا فورس اور پنجاب ہائی وے پولیس کے اہلکاروں سمیت 11 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ36 مسافر شدید زخمی ہو گئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں لیکن بس کی تباہ حالی اس حد تک تھی کہ اندر پھنسے ہوئے زخمیوں اور لاشوں کو نکالنا ناممکن ہو چکا تھا۔
بالآخر بھاری کرینوں اور کٹر مشینری کو طلب کیا گیا۔ ریسکیورز نے 3 گھنٹے کے اعصاب شکن اور طویل آپریشن کے بعد بس کے پرزے کاٹ کر لاشوں اور شدید زخمیوں کو باہر نکالا۔
زخمیوں میں 9 خواتین اور 3 بچے بھی شامل ہیں جن کی حالت دیکھ کر موقع پر موجود افراد کی آنکھیں اشکبار ہو گئیں۔
افسوسناک امر یہ ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں ڈیوٹی پر مامور پیرا فورس کا اہلکار زاہد اور پنجاب ہائی وے پولیس کا جوان علی حسنین بھی شامل ہیں جو اس خونی حادثے کا شکار ہو کر ابدی نیند سو گئے۔
حادثے کے فوراً بعد ڈی ایچ کیو اسپتال پاکپتن میں ہنگامی حالت (ایمرجنسی) نافذ کر دی گئی اور چھٹی پر موجود اضافی ڈاکٹرز و طبی عملے کو ہنگامی بنیادوں پر واپس بلا لیا گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق 6 زخمیوں کی حالت انتہائی تشویشناک ہے جنہیں زندگی اور موت کی کشمکش کے باعث فوراً ساہیوال اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
حادثے کی خبر ملتے ہی ڈپٹی کمشنر آصف رضا اور ڈی پی او جاوید اقبال چدھڑ خود ڈی ایچ کیو اسپتال پاکپتن پہنچ گئے۔ انہوں نے زخمیوں کی عیادت کی اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔
یہ بھی پڑھیں : گورنر خیبرپختونخواکے اختیارات سے متعلق وفاقی حکومت کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری
ڈپٹی کمشنر نے اسپتال انتظامیہ کو سخت اور واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کے علاج میں کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی، تمام مریضوں کو فوری، مفت اور اعلیٰ ترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
شاہراہ پر پیش آنے والے اس لرزہ خیز حادثے نے پورے علاقے میں ماتم کی لہر دوڑا دی ہے۔





