پاک آرمی اور ایف سی کی پیشہ ورانہ مہارت، شمسر روڈ پر نصب 5 کلوگرام وزنی بارودی سرنگ کامیابی سے ناکارہ بنا دی گئی

ڈیرہ بگٹی میں شمسر روڈ پر زمین میں نصب اینٹی پرسنل مائن کو ایف سی اور پاک فوج کی بم ڈسپوزل ٹیم نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ناکارہ بنا دیا، بارودی سرنگ میں تقریباً 5 کلوگرام دھماکہ خیز مواد نصب تھا۔

پولیس کے مطابق 4 نومبر 2026 کو شام تقریباً 5 بج کر 40 منٹ پر ڈیرہ بگٹی پولیس اسٹیشن سے جنوب مشرق کی جانب 7 سے 8 کلومیٹر فاصلے پر شمسر روڈ، ڈاکٹر محمد حسن بور کے قریب زیرِ زمین نصب بارودی سرنگ کی نشاندہی ہوئی۔

اطلاع ملنے پر پولیس اور ایف سی کے اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو محفوظ بنانے کے لیے حفاظتی اقدامات کیے گئے۔

پولیس کے مطابق 5 نومبر کو دن تقریباً ڈیڑھ بجے ایف سی اور پاک فوج کی بم ڈسپوزل ٹیم نے موقع پر پہنچ کر کامیاب دھماکے کے ذریعے بارودی سرنگ کو ناکارہ بنا دیا۔

ڈسٹرکٹ پولیس ساؤتھ ڈیرہ بگٹی نے بروقت کارروائی اور پیشہ ورانہ مہارت پر ایف سی اور پاک فوج کی بم ڈسپوزل ٹیم کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ مشترکہ کوششوں سے علاقے کو ممکنہ بڑے نقصان سے محفوظ بنایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: دہشتگردی میں ہلاک شکیل احمد کے اہلخانہ کا اظہارِ ندامت، والد اور بھائی نے اہم اپیل کر دی

پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی مشکوک چیز یا بارودی مواد کی اطلاع فوری طور پر قریبی تھانے کو دیں اور ایسی اشیاء کو چھونے یا ان کے قریب جانے سے گریز کریں۔

Scroll to Top