دہشتگردی میں ہلاک شکیل احمد کے اہلخانہ کا اظہارِ ندامت، والد اور بھائی نے اہم اپیل کر دی

کوئٹہ : گوادر میں سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے فتنہ الہندوستان سے وابستہ شکیل احمد کے والد اور بھائی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اس کے اقدامات پر ندامت کا اظہار کیا ہے۔

پنجگور کے علاقے پروم سے تعلق رکھنے والے محمد حیات نے اپنے والد عبدالعزیز کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ ان کا بھائی شکیل احمد تقریباً 5 سال قبل فتنہ الہندوستان نامی کالعدم تنظیم کے بہکاوے میں آکر گھر چھوڑ کر چلا گیا تھا۔

محمد حیات کے مطابق اہلخانہ نے ایک مرتبہ کوشش کرکے شکیل احمد کو سرنڈر بھی کروایا، تاہم وہ دوبارہ تنظیم میں شامل ہوگیا اور گھر واپس آنے کے بجائے اسی راستے پر چلتا رہا۔

انہوں نے بتایا کہ دو روز قبل انہیں اطلاع ملی کہ شکیل احمد گوادر میں دہشتگردی کی کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں ہلاک ہوگیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : دین کے نام پر قومی اثاثوں کا سودا، آڈٹ فائلوں نے کٹھ پتلی وزیر عطا الرحمٰن اور ماسٹر مائنڈ فضل الرحمان کا بھیانک سچ بے نقاب کر دیا

محمد حیات کا کہنا تھا کہ ان کے خاندان کا شکیل احمد کی سرگرمیوں سے کوئی تعلق نہیں اور بھائی کی جانب سے غلط راستہ اختیار کرنے پر پورا خاندان شدید شرمندہ ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے دیگر والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں، ان کی تعلیم و تربیت پر توجہ دیں اور انہیں تعلیم کے مواقع فراہم کریں۔

محمد حیات نے مزید کہا کہ ان کا خاندان پاکستان کا وفادار ہے۔

Scroll to Top