امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے 99 ممالک میں آئی فون استعمال کرنے والوں کو خبردار کیا ہے کہ انہیں جدید جاسوسی سافٹ ویئر کے ذریعے نشانہ بنایا گیا ہو سکتا ہے۔ متاثرہ افراد میں جرمنی کے قانون ساز اور سرکاری اہلکار بھی شامل ہیں۔
بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایپل کی جانب سے صارفین کو 29 اکتوبر سے انتباہی پیغامات موصول ہونا شروع ہوئے۔ کمپنی نے تاحال حملوں میں ملوث عناصر کی شناخت ظاہر نہیں کی اور نہ ہی یہ تصدیق کی ہے کہ کتنے صارفین کے آلات تک کامیابی سے رسائی حاصل کی گئی۔
99 ممالک میں صارفین کو انتباہ جاری کیے جانے کی تعداد لبنانی فلم ساز اور صحافی رضوان مرتضیٰ کو موصول ہونے والے ایک اطلاع نامے کے ذریعے سامنے آئی۔
دوسری جانب جرمنی کے وفاقی ادارے برائے معلوماتی تحفظ نے تصدیق کی ہے کہ پارلیمنٹ کے ارکان اور دیگر اہم شخصیات کو بھی ایپل کی جانب سے انتباہی پیغامات موصول ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آئی فون صارفین کے لیے ایپل انٹیلی جنس کے نئے فیچرز متعارف کرانے کی تیاری
ادارے نے خبردار کیے گئے افراد کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے آلات کو ممکنہ طور پر متاثرہ تصور کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔





