چھٹی کے دن دیر تک سونا صحت کے لیے خطرناک، نئی تحقیق میں اہم انکشاف

حالیہ تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ ہفتے کے دوران نیند پوری نہ ہونے کے بعد ہفتہ وار تعطیلات میں دیر تک سونے کی عادت صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔

ماہرین کے مطابق نیند کے اوقات میں بار بار تبدیلی دل کی بیماریوں اور فالج سمیت سنگین طبی مسائل کا خطرہ بڑھا سکتی ہے۔

محققین نے اس تحقیق کے دوران 10 لاکھ سے زائد راتوں کی نیند سے متعلق ڈیٹا کا تجزیہ کیا، جس سے معلوم ہوا کہ نیند کے معمولات میں بے قاعدگی دل کی صحت پر منفی اثرات مرتب کر سکتی ہے۔

برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق نیند اور دل کی صحت کے درمیان تعلق کا جائزہ لینے والے ماہرین نے نشاندہی کی ہے کہ ہفتے کے اختتام پر معمول سے زیادہ دیر تک سونا یا سونے کے اوقات تبدیل کرنا بھی صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔

یہ تحقیق شکاگو میں منعقدہ امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کے سائنسی اجلاس 2026ء میں پیش کی گئی، تاہم ابھی تک اس کا ماہرین کی جانب سے باضابطہ جائزہ نہیں لیا گیا۔

تحقیق میں امریکی ادارے نیشنل انسٹی ٹیوٹس آف ہیلتھ کے تحقیقی پروگرام ’آل آف اس‘ میں شامل 10 ہزار سے زائد بالغ افراد کے نیند سے متعلق اعداد و شمار کا جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے اپنی نیند اور جسمانی سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے خصوصی ٹریکنگ ڈیوائسز استعمال کی تھیں۔

محققین نے نیند کے مجموعی دورانیے، معیار اور نیند کے دوران بیداری کے اوقات کا بھی تجزیہ کیا۔ نتائج کے مطابق تقریباً چھ ماہ کے دوران سونے کے اوقات میں روزانہ تبدیلی کا تعلق دل کے دورے، فالج اور ہارٹ فیل ہونے جیسے سنگین مسائل کے خطرے میں 20 سے 23 فیصد اضافے سے سامنے آیا۔

اسی طرح ہر رات نیند کے دورانیے میں اوسطاً 29 منٹ کا اضافی فرق بھی صحت کے لیے خطرات بڑھانے کا سبب پایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: نیند میں دانت پیسنے کی عادت خطرے کی علامت، ماہرین نے اہم وجہ بتادی

تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا کہ نیند کے معمولات میں بے قاعدگی کے باعث دل کے پٹھوں کی بیماری کا خطرہ 29 فیصد تک بڑھ سکتا ہے، جس میں دل کی جسم کو مطلوبہ مقدار میں خون فراہم کرنے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے، جبکہ ہارٹ فیل ہونے کا خطرہ بھی 20 فیصد زیادہ دیکھا گیا۔

دوسری جانب تحقیق کے مطابق نیند کے مکمل سائیکلز کی زیادہ تعداد کا تعلق ایٹریل اریتھمیا کے خطرے میں 28 فیصد کمی سے پایا گیا۔

محققین کا کہنا ہے کہ دل کی صحت بہتر رکھنے کے لیے صرف نیند کا دورانیہ ہی نہیں بلکہ سونے اور جاگنے کے اوقات میں باقاعدگی برقرار رکھنا بھی انتہائی اہم ہے۔

Scroll to Top