پشاور کے تھانہ حیات آباد کی حدود میں فیز 5 نادرا آفس کے عقب میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر فہد ولد شاروم (سکنہ کافور ڈھیری) کو قتل کر دیا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ کو تحویل میں لے کر 30 بور پستول کے 8 خالی خول برآمد کر لیے۔ مقتول کی لاش کو قانونی اور پوسٹ مارٹم کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پشاور پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ واقعے کے پیچھے سابقہ خاندانی دشمنی ہے اور فی الحال اس میں دہشت گردی کے کوئی شواہد نہیں ملے۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی اے نےغیرفعال سموں پر چلنے واٹس ایپ اکاونٹس کے خلاف کارروائی شروع کردی
سی سی پی او پشاور کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق شہر کے سیف سٹی کیمروں کی فوٹیج کے ذریعے ملزمان کی شناخت کی جا رہی ہے جبکہ واقعے کے اصل حقائق جاننے اور ملزمان کی فوری گرفتاری کے لیے تفتیشی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔





