پشاور اسپورٹس فیسٹیول 2026 اختتام پذیر: چارسدہ نےکبڈی کی ٹرافی جیت لی

پشاور اسپورٹس فیسٹیول 2026 حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس میں شاندار اختتامی تقریب کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچ گیا۔

فیسٹیول کے سب سے سنسنی خیز کبڈی فائنل میں چارسدہ نے پشاور کو ایک کڑے مقابلے کے بعد 40 کے مقابلے میں 45 پوائنٹس سے شکست دے کر چیمپئن شپ کی ٹرافی اپنے نام کرلی۔

اس شاندار اسپورٹس میلے میں پشاور اور ملحقہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے 500 سے زائد مرد و خواتین کھلاڑیوں نے 12 مختلف کھیلوں کے مقابلو ں میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔

اختتامی تقریب میں مشیر کھیل و امور نوجوانان ڈاکٹر سرفراز علی اور مشیر مذہبی امور مولانا محمد طیب قریشی نے بطور مہمانانِ خصوصی شرکت کی اور نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔

اس موقع پر سیکریٹری اسپورٹس آصف خان اور ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس واصل خان سمیت ڈائریکٹوریٹ آف اسپورٹس کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر کھیل ڈاکٹر سرفراز علی نے کہا کہ کھیلوں میں کوئی ہارتا نہیں بلکہ کھیل نظم و ضبط اور باہمی احترام سکھاتے ہیں۔

انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ حکومت خیبرپختونخوا کے تمام اضلاع کے مرد و خواتین کھلاڑیوں کو یکساں مواقع فراہم کرے گی تاکہ وہ قومی سطح پر صوبے کی نمائندگی کر سکیں۔

فیسٹیول کے دیگر فائنل مقابلوں میں کرکٹ کا ٹائٹل معاذاللہ خان کینٹ اکیڈمی نے عمران خان اکیڈمی کو 6 وکٹوں سے ہرا کر جیتا۔ بیڈمنٹن میں عماد اللہ اور محمد سدیس نے پہلی پوزیشن حاصل کی، موئے تھائی میں ابوبکر نے گولڈ میڈل جیتا، جبکہ ایتھلیٹکس میں وقاص خلیل نمایاں رہے۔
رسہ کشی کے روایتی مقابلے میں ڈائریکٹوریٹ آف اسپورٹس نے اسپورٹس رائٹرز کی ٹیم کو مات دی۔

یہ بھی پڑھیں : چارسدہ :سلام کا جواب نہ دینے پر مقتدی نے پیش امام پر فائرنگ کر دی

فیسٹیول میں فٹبال، ٹیبل ٹینس، ویٹ لفٹنگ، فل کانٹیکٹ کراٹے، اسکواش اور وہیل چیئر ریس کے مقابلوں کا بھی کامياب انعقاد کیا گیا۔

Scroll to Top