خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع کے عوام نے نئے صوبوں کے قیام کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ انتظامی امور کو بہتر بنانے اور پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لیے نئے صوبے بنائے جائیں تاکہ عام شہریوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہو سکیں۔
پشاور کے شہریوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ رقبے کے لحاظ سے بڑا ہونے کی وجہ سے پشاور سے مکمل طور پر کنٹرول کرنا مشکل ہے، اس لیے اگر اسے انتظامی یونٹس یا نئے صوبوں میں تقسیم کیا جائے تو امن و امان کے قیام، تاجروں کے مسائل کے حل اور نوجوانوں کے لیے ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنے میں بڑی مدد ملے گی۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ ہر صوبے کا اپنا وزیراعلیٰ ہونے سے ترقیاتی کاموں میں تیزی آئے گی اور دور دراز کے علاقوں میں بڑے اسپتالوں اور صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی ہو سکے گی۔
ڈیرہ اسماعیل خان کے شہریوں نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام سے اختیارات نچلی سطح تک منتقل ہوں گے اور عوام کو اپنے چھوٹے بڑے مسائل کے حل کے لیے بڑے شہروں کے چکر نہیں کاٹنے پڑیں گے۔
انہوں نے شکوہ کیا کہ گزشتہ ادوار میں اختیارات نچلی سطح پر منتقل کرنے کے دعوے کیے گئے مگر عملی طور پر ایسا نہیں ہو سکا، جس کی وجہ سے عام آدمی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
یہ بھی پڑھیں : اسلامی یونیورسٹی اور ترکمانستان کا فقہ، حدیث اور عربی زبان کی تعلیم میں تعاون پر اتفاق
ادھر ٹوپی کے شہریوں نے بھی نئے صوبوں کے قیام کی پرزور حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے مقامی سطح پر فیصلے ہوں گے، عوامی نمائندگان براہ راست عوام کے جواب دہ ہوں گے اور خطے میں ترقی اور خوشحالی کا ایک نیا دور شروع ہوگا۔





