سابقہ پی ٹی آئی حکومت کے سالہا سال کے دورِ اقتدار میں پیدا ہونے والے شدید مالی و انتظامی بحران، بدانتظامی اور نالائقی کی وجہ سے خیبر پختونخوا کے تعلیمی ادارے جس تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے تھے، موجودہ صوبائی انتظامیہ نے اپنی بہترین بصیرت اور فعال حکمت عملی سے ان کی بحالی کا کام شروع کر دیا ہے۔
اس عزم کا اظہار گورنر خیبر پختونخوا کے مشیر برائے تعلیم ڈاکٹر سید عامر عبداللہ نے خیبر میڈیکل یونیورسٹی (KMU) پشاور میں منعقدہ سالانہ کوالٹی ایوارڈز کی پروقار تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب میں سیکرٹری اعلیٰ تعلیم عبید اللہ کاکا خیل، ایگزیکٹو ڈائریکٹر HEC پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق، وائس چانسلر KMU اور طبی فیکلٹی کے ممتاز اراکین نے شرکت کی۔
مشیر تعلیم نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ پچھلی حکومت نے تعلیم جیسے حساس شعبے کو جس بے دردی اور نااہلی کے ساتھ نظر انداز کیا اس کے نتیجے میں صوبے کی جامعات شدید بحران کا شکار ہوئیں۔ اداروں میں سفارش کلچر اور غیر سنجیدگی نے تعلیمی معیار کو بری طرح متاثر کیا۔
تاہم موجودہ انتظامیہ نے اقتدار سنبھالتے ہی ان مسائل کی سنجیدگی کو سمجھا اور ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کیا۔
ڈاکٹر عامر عبداللہ نے بتایا کہ انہوں نے صوبائی جامعات کو درپیش بحران سے نکالنے کے لیے وفاقی حکومت کے سامنے مقدمہ پیش کیا ہے جبکہ چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) سے حاصل کردہ کامیابیوں کے نتیجے میں اب رواں سال صوبے کی تمام یونیورسٹیوں کے تمام بڑے مالی و انتظامی مسائل حل کر لیے جائیں گے۔
موجودہ حکومت کے تعلیمی معیار کی بلندی اور میرٹ کی بالادستی کے منشور کے تحت تقریب کے دوران طبی تعلیم میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والے میڈیکل و ڈینٹل کالجز، ہیلتھ سائنسز انسٹیٹیوٹس اور اساتذہ میں ایوارڈز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔
مشیر تعلیم نے شفافیت کے اس عمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ انتظامیہ میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔
ڈاکٹر عامر عبداللہ نے اداروں کو سیاسی اثر و رسوخ سے پاک کرنے اور مقابلے کا مثبت ماحول قائم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عہدے عارضی ہیں اور ادارے شخصیات سے بالا تر ہوتے ہیں۔ ماضی میں جو غلطیاں کی گئیں ان سے سبق سیکھنا ہوگا۔ اگر خیبر میڈیکل یونیورسٹی اور دیگر اداروں نے اپنا مقام برقرار رکھنا ہے تو انہیں سابقہ سستی چھوڑ کر مستقبل کی تیاری اور محنت کا راست اختیار کرنا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : مشیر صحت نگار جوہر کا چلڈرن ہسپتال پشاور کا دورہ، انتظامی امور کا جائزہ لیا!
تقریب کے بعد تعلیمی حلقوں، سول سوسائٹی اور عام شہریوں نے سابقہ دور کی تعلیمی پالیسیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے موجودہ انتظامیہ کی کارکردگی کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ پچھلی حکومت نے نعروں کے علاوہ کچھ نہیں دیا جبکہ موجودہ حکومت نے نہ صرف وفاق سے حقوق حاصل کرنے کی عملی کوشش کی بلکہ جامعات کو درپیش مالی بحران کا حقیقی حل پیش کر کے یہ ثابت کر دیا ہے کہ کام نعروں سے نہیں بلکہ نیت اور کارکردگی سے ہوتا ہے۔





