امریکا میں سوشل میڈیا اور انسدادِ ویکسین مہمات کے ذریعے پھیلنے والی گمراہ کن معلومات نے نوزائیدہ بچوں کے لیے شدید صحت کے خدشات پیدا کر دیے ہیں۔
والدین کی جانب سے پیدائش کے فوراً بعد دی جانے والی بنیادی طبی سہولیات بالخصوص وٹامن کے (Vitamin K) کے حفاظتی انجیکشن لگوانے سے انکار کے واقعات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں معصوم بچوں کے اندرونی اعضاء اور خصوصاً دماغ میں خون بہنے (Brain Bleeding) جیسے جان لیوا واقعات کی شرح تشویشناک حد تک بڑھ گئی ہے۔
رائٹرز کے مطابق ڈاکٹر کرسٹن اسکاٹ اور ان کی ماہرینِ صحت کی ٹیم نے سال 2017 سے 2025 کے دوران پیدا ہونے والے 52 لاکھ سے زائد نوزائیدہ بچوں کے وسیع طبی ریکارڈ کا تفصیلی سائنسی جائزہ لیا۔
اس جامع تحقیق میں یہ تلخ حقیقت سامنے آئی ہے کہ وٹامن K کا تحفظ حاصل نہ کرنے والے بچوں میں زندگی کے ابتدائی 6 ماہ کے دوران خون بہنے کا امکان، انجیکشن لگوانے والے نارمل بچوں کی نسبت 47 فیصد زیادہ ہو جاتا ہے۔
ڈیٹا کے مطابق 2017 میں وٹامن K کا انجیکشن نہ لگوانے والے والدین کی شرح صرف 3.1 فیصد تھی جو 2024 کے اختتام پر 5.1 فیصد اور 2025 تک چھلانگ لگا کر 6.8 فیصد پر پہنچ گئی۔
طبی ماہرین کے مطابق کورونا وبا کے بعد عالمی سطح پر صحت کے نظام اور ویکسینز پر پھیلائے جانے والے شکوک و شبہات اور امریکی وزیر صحت رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر کے دور میں سامنے آنے والے متضاد پیغامات نے اس منفی رجحان کو ہوا دی۔
امریکن اکیڈمی آف پیڈیاٹرکس اور ماہرین صحت نے واضح کیا ہے کہ نومولود بچے قدرتی طور پر جسم میں وٹامن K کی درکار مقدار کے بغیر پیدا ہوتے ہیں۔
یہ وٹامن انسانی جسم میں خون جمنے (Blood Clotting) کی قدرتی صلاحیت برقرار رکھنے کے لیے بنیادی ضرورت ہے۔
اگر پیدائش کے وقت یہ انجیکشن نہ دیا جائے تو بچوں کے جسمانی اعضاء میں اندرونی خون بہاؤ کو روکنا ناممکن ہو جاتا ہے جو مستقل معذوری یا موت کا سبب بنتا ہے۔
تاہم سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن (CDC) اور امریکی محکمہ صحت کے ترجمان نے دوبارہ واضح کیا ہے کہ تمام نو زائیدہ بچوں کو پیدائش کے موقع پر وٹامن K کا انجیکشن لگانا انتہائی لازمی اور محفوظ طبی عمل ہے۔
اس رپورٹ کے بعد عالمی ہیلتھ کمیونٹی اور عام شہریوں کی جانب سے تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پچھلی حکومت کا پیدا کردہ تعلیمی بحران ختم ہونے کے قریب، موجودہ انتظامیہ کا ماسٹر پلان تیار!
طبی ماہرین اور عوامی صحت کے نمائندوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پھیلنے والی بے بنیاد افواہوں اور جعلی سائنسی دعوؤں کی شدید مذمت کی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ پر موجود نام نہاد ماہرین پر اندھا اعتماد کرنے کے بجائے تصدیق شدہ سائنسی و طبی ہدایات پر عمل کرنا ضروری ہے تاکہ معصوم بچوں کی قیمتی جانوں کو بے جا خطرات سے بچایا جا سکے۔





