پشاور: کے ایم یو ہسپتال کے ایٹا ٹیسٹ میں پرچوں کی غلط تقسیم، امیدواروں کا ٹیسٹ منسوخ کرنے کا مطالبہ

پشاور میں کے ایم یو ہسپتال کے لیے ایٹا کے زیر اہتمام اینستھیزیا اور ریڈیالوجی کی آسامیوں کے لیے منعقدہ ٹیسٹ میں مبینہ بے ضابطگیوں نے ٹیسٹ کے انعقاد کے طریقہ کار پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔

کے ایم یو ہسپتال کے لیے مشتہر کردہ اینستھیزیا اور ریڈیالوجی آسامیوں کے لیے امیدواروں نے تحریری امتحان میں حصہ لیا۔ امیدواروں کے مطابق اینستھیزیا کی آسامیوں کے لیے امتحان دینے والے امیدواروں کے پرچوں میں ریڈیالوجی کے سوالات شامل کیے گئے تھے جبکہ ریڈیالوجی کی آسامیوں کے لیے اپلائی کرنے والے امیدواروں کے پرچوں میں اینستھیزیا کے سوالات دے دیے گئے تھے۔

امیدواروں کا کہنا ہے کہ پرچوں میں مبینہ تبدیلی کے باعث انہیں امتحان کے دوران شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جس پر طلبہ نے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔

احتجاج کرنے والے امیدواروں نے گورنر خیبر پختونخوا اور متعلقہ حکام سے واقعے کا فوری نوٹس لینے، ٹیسٹ منسوخ کرنے اور معاملے کی شفاف تحقیقات کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر امیدواروں کو ان کی متعلقہ آسامیوں کے بجائے دوسرے شعبوں کے سوالات پر مشتمل پرچے دیے گئے ہیں تو ایسے امتحان کے نتائج کی بنیاد پر میرٹ کا تعین کسی صورت قابل قبول نہیں ہوگا۔

امیدواروں نے اس صورتحال کو امتحانی انتظامات میں سنگین غفلت قرار دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری ملازمتوں کے حصول کے لیے امیدوار مہینوں بلکہ سالوں تیاری کرتے ہیں اور امتحانی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ٹیسٹ کے انعقاد میں مکمل شفافیت، میرٹ اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔ ان کے بقول پرچوں میں مضامین کی اس مبینہ تبدیلی نے امتحانی عمل کی شفافیت اور میرٹ کے حوالے سے کئی سوالات پیدا کر دیے ہیں۔

طلبہ نے مطالبہ کیا کہ اس مبینہ غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کرکے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ امیدواروں کے مستقبل سے مزید کھلواڑ نہ ہو۔ احتجاج کرنے والے امیدواروں نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور یہ معلوم کیا جائے کہ سوالیہ پرچوں کی تیاری، چھپائی اور تقسیم کے مراحل میں یہ غلطی کس سطح پر ہوئی۔

انہوں نے ذمہ داروں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی اور متاثرہ امیدواروں کو دوبارہ منصفانہ امتحان دینے کا موقع فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ حکام فوری طور پر وضاحت جاری کریں تاکہ ہزاروں امیدواروں کے مستقبل اور سرکاری بھرتیوں کے میرٹ پر اٹھنے والے سوالات کا جواب مل سکے۔

یہ بھی پڑھیں : الیکٹرک گاڑیوں پر سیلز ٹیکس میں بڑی کمی، حکومت نے شہریوں کو خوشخبری سنا دی

امیدواروں نے خبردار کیا کہ اگر ان کے تحفظات دور نہ کیے گئے اور معاملے کی شفاف تحقیقات نہ ہوئیں تو وہ اپنا احتجاج مزید وسیع کرنے سمیت دیگر قانونی اور احتجاجی راستے اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے۔

Scroll to Top