صارفین کی بڑی خواہش پوری! واٹس ایپ کا نیا بہترین فیچر سامنے آ گیا

دنیا کی سب سے مقبول میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے صارفین کی پرائیویسی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایک نئے اور شاندار فیچر پر کام شروع کر دیا ہے۔

اس فیچر کے تحت صارفین اپنا فون نمبر ظاہر کیے بغیر صرف یوزر نیم کے ذریعے بات چیت کر سکیں گے۔

وی بیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق، یہ نیا پرائیویسی فیچر اینڈرائیڈ کے لیے واٹس ایپ بیٹا ورژن 2.26.45.1 میں دیکھا گیا ہے۔

واضح رہے کہ واٹس ایپ نے رواں برس جون میں یوزر نیم فیچر متعارف کرایا تھا تاکہ لوگ فون نمبرز شیئر کیے بغیر ایک دوسرے سے رابطہ کر سکیں۔

اب یہ نیا فیچر صارفین کو یہ مکمل اختیار دے گا کہ وہ خود فیصلہ کریں کہ کالز اور چیٹس میں ان کا فون نمبر کون دیکھ سکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق فون نمبر پرائیویسی فیچر میں صارفین کو چار اختیارات ہر کوئی، میرے رابطے، میرے رابطے سوائے اور کوئی نہیں دیے جائیں گے۔

نئی خصوصیت کے تحت پہلے سے طے شدہ سیٹنگ ‘کوئی نہیں’ پر ہوگی جس کی وجہ سے صارف کا فون نمبر مکمل طور پر پوشیدہ رہے گا۔ تاہم، اگر کوئی صارف کاروبار یا دیگر وجوہات کی بنا پر اپنا نمبر ظاہر کرنا چاہے تو وہ سیٹنگز میں تبدیلی کر سکے گا۔
یہ فیچر صرف ان صارفین کے لیے دستیاب ہوگا جنہوں نے اپنا یوزر نیم سیٹ کیا ہوا ہوگا، جبکہ جن کے پاس پہلے سے آپ کا فون نمبر محفوظ ہے، وہ اسے بدستور دیکھ سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور: کے ایم یو ہسپتال کے ایٹا ٹیسٹ میں پرچوں کی غلط تقسیم، امیدواروں کا ٹیسٹ منسوخ کرنے کا مطالبہ

یہ پرائیویسی فیچر فی الوقت تیاری کے مرحلے میں ہے اور بیٹا ٹیسٹرز کے لیے بھی دستیاب نہیں ہے، جلد ہی اسے بیٹا اور پھر تمام عام صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔

Scroll to Top