الیکٹرک گاڑیوں پر سیلز ٹیکس میں بڑی کمی، حکومت نے شہریوں کو خوشخبری سنا دی

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ اور مشیر وزیراعظم برائے صنعت و تجارت ہارون اختر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے الیکٹرک گاڑیوں (EVs) کے فروغ اور نئی آٹو پالیسی کے اہم خدوخال کا اعلان کر دیا ہے۔

وزرا کے مطابق حکومت کا مقصد پٹرولیم مصنوعات کے بھاری امپورٹ بل سے جان چھڑانا اور عام آدمی کو سستی اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ فراہم کرنا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکٹرک وہیکلز ماحول کے لیے انتہائی مفید ہیں اور حکومت چاہتی ہے کہ عام شہری کو سستی ٹرانسپورٹ کی سہولت ملے۔

انہوں نے کہا کہ کئی دہائیوں سے مخصوص پروٹیکشن پالیسیاں چلی آ رہی ہیں، لیکن اب عام آدمی کو سہولت دینا ترجیح ہے، اور یہ دیکھ کر خوشی ہوتی ہے کہ اب ہماری بہنیں بھی الیکٹرک بائیکس پر سفر کر رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کے امپورٹ بل سے نجات حاصل کرنے اور معیاری گاڑیوں کی دستیابی یقینی بنانے سے مہنگائی میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔

اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے مشیر وزیراعظم ہارون اختر نے بتایا کہ الیکٹرک گاڑیوں کی فنانسنگ میں وزیراعظم نے بڑی چھوٹ دی ہے۔ اب تک فنانسنگ کی حد 30 لاکھ روپے تھی جسے بڑھا کر 10 ملین روپے (ایک کروڑ)کر دیا گیا ہے جبکہ قرض کی واپسی کی مدت بھی 3 سال سے بڑھا کر 5 سال کر دی گئی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 50 ہزار ڈالر تک کی لگژری گاڑیوں کو بھی ڈیوٹی بریک دی جائے گی جبکہ ہائبرڈ اور پلگ ان ہائبرڈ گاڑیوں کے لیے ملک بھر میں چارجنگ اسٹیشنز کا جال بچھانے پر کام جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی رہنما  نے خلع کے لیے فیملی کورٹ سے رجوع کر لیا، شوہر کو نوٹس جاری

ہارون اختر کا کہنا تھا کہ الیکٹرک گاڑیوں پر سیلز ٹیکس کی تین کیٹیگریز بالترتیب1، 3 اور 9 فیصدہوں گی۔ نئی آٹو پالیسی کے تحت لگژری گاڑیوں کے علاوہ دیگر تمام گاڑیاں سستی ہوں گی، اور پالیسی میں لوکلائزیشن (مقامی سطح پرپرزوں کی تیاری) پر خصوصی فوکس کیا گیا ہے۔ آٹو پارٹس مینوفیکچررز کو ایکسپورٹ کا موقع دیا جائے گا اور برآمدی ہدف پورا کرنے پر پہلے سال 5 فیصد ریوارڈ دیا جائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ اس نئی آٹو پالیسی کی حتمی منظوری آئی ایم ایف (IMF)سے ہونا ابھی باقی ہے۔

Scroll to Top