پشاور: نادرا اسسٹنٹ ڈائریکٹر قتل کیس میں اہم پیشرفت، ملزمان نے گھر سے دفتر تک تعاقب کیا

پشاور: حیات آباد میں نادرا کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر فہد کے قتل کیس کی تحقیقات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ تحقیقاتی ٹیم کے مطابق ملزمان نے واردات سے قبل مقتول کا یونیورسٹی ٹاؤن میں واقع گھر سے نادرا آفس حیات آباد تک مسلسل تعاقب کیا تھا۔

تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ مرکزی ملزم نے اپنے ساتھی کو موٹر سائیکل پر بطور سواری بٹھا کر بظاہر عام شہری ہونے کا تاثر دیا اور اسی انداز میں مقتول کی گاڑی کا پیچھا کرتا رہا۔ ملزمان نے مبینہ طور پر تعاقب کے دوران اپنی شناخت چھپانے کیلئے سواری کا روپ اختیار کیا۔

تحقیقاتی ذرائع کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر نادرا فہد یونیورسٹی ٹاؤن سے حیات آباد تک اپنی بلٹ پروف گاڑی میں سفر کر رہے تھے، تاہم ملزمان ان کی نقل و حرکت پر نظر رکھے ہوئے تھے۔ واردات سے قبل قتل کے مقام کی متعدد مرتبہ ریکی بھی کی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور میں نادرا اسسٹنٹ ڈائریکٹر فہد کے قتل واقعے میں اہم پیش رفت، حملہ آوروں کی شناخت ہوگئی

ابتدائی تحقیقات میں قتل کی وجہ ذاتی دشمنی بتائی جا رہی ہے، تاہم واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ مزید یہ کہ تفتیش کے دوران ملزمان کے شناختی کارڈز بلاک ہونے کا معاملہ بھی سامنے آیا ہے۔

دوسری جانب گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے متعلقہ حکام کو ملزمان کی فوری گرفتاری یقینی بنانے اور انہیں بیرون ملک فرار ہونے سے روکنے کیلئے ضروری اقدامات کی ہدایات جاری کردی ہیں۔

تحقیقاتی ٹیم ملزمان کی نقل و حرکت، واردات کی منصوبہ بندی اور قتل کے محرکات کا سراغ لگانے کیلئے مزید شواہد اکٹھے کر رہی ہے۔

Scroll to Top