اسلام آباد: نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے سوشل میڈیا پر وزیراعظم کی جانب سے یومِ اقبال کے موقع پر شہریوں کو 13 ہزار روپے نقد دینے کے نام پر گردش کرنے والے جعلی پیغامات اور مشکوک لنکس سے خبردار کردیا ہے۔
این سی سی آئی اے کے مطابق سوشل میڈیا پر پھیلائے جانے والے یہ پیغامات اور لنکس جعلی ہیں، جن کے ذریعے فراڈیے شہریوں کی ذاتی معلومات حاصل کرکے انہیں مالی دھوکہ دہی کا نشانہ بنا سکتے ہیں۔
ادارے نے اپنے جاری کردہ انتباہ میں شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ ایسے مشکوک لنکس پر کلک کرنے، غیر تصدیق شدہ پیغامات آگے بھیجنے اور نامعلوم ذرائع کو اپنی ذاتی یا مالی معلومات فراہم کرنے سے گریز کریں۔
این سی سی آئی اے نے مزید کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے کسی بھی مالی امداد، خصوصی سہولت یا نقد انعام کے اعلان پر یقین کرنے سے پہلے سرکاری ویب سائٹس اور مستند سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے اس کی تصدیق ضرور کی جائے۔
ادارے کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ کا محتاط استعمال اور عوامی آگاہی آن لائن فراڈ سے بچاؤ اور ذاتی معلومات کے تحفظ کیلئے انتہائی ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : آئی جی خیبرپختونخوا کا پولیس جوانوں کو بڑا ریلیف دینے کا اعلان، شہداء پیکج میں چار گنا اضافہ
دوسری جانب پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے بھی شہریوں کو ایک نئے آن لائن فراڈ سے خبردار کیا ہے، جس میں جعلساز خود کو کوریئر کمپنیوں کا نمائندہ ظاہر کرکے شہریوں سے حساس معلومات حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
پی ٹی اے کے مطابق شہریوں کو نامعلوم نمبروں سے کالز موصول ہوسکتی ہیں، جن میں کال کرنے والے خود کو کوریئر کمپنی کا اہلکار ظاہر کرکے پارسل یا سامان کی ڈیلیوری کا بہانہ بناتے ہیں اور ڈیلیوری کا عمل مکمل کرنے کیلئے ون ٹائم پاس ورڈ (او ٹی پی) یا دیگر ذاتی معلومات طلب کرتے ہیں۔
پی ٹی اے نے واضح کیا ہے کہ شہری کسی بھی صورت اپنا او ٹی پی کسی دوسرے شخص کے ساتھ شیئر نہ کریں، خصوصاً ایسے نامعلوم افراد کے ساتھ جو خود کو کوریئر کمپنی یا کسی دوسرے ادارے کا نمائندہ ظاہر کریں۔
حکام نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ آن لائن انعامات، مالی امداد اور پارسل کی ڈیلیوری سے متعلق غیر معمولی پیغامات اور فون کالز پر فوری اعتماد کرنے کے بجائے ان کی مستند ذرائع سے تصدیق کریں تاکہ ممکنہ مالی نقصان اور ذاتی معلومات کے غلط استعمال سے محفوظ رہا جاسکے۔





