وزیراعظم شہباز شریف نے نوجوانوں کو کاروبار اور زرعی سرگرمیوں کے لیے مالی معاونت فراہم کرنے کی غرض سے وزیراعظم یوتھ بزنس لون اور یوتھ ایگریکلچر لون اسکیم کے تحت قرضوں کی زیادہ سے زیادہ حد 75 لاکھ روپے سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ روپے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دونوں اسکیموں کے لیے رواں سال مجموعی طور پر 292 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ قرضے آسان اقساط پر فراہم کیے جائیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں نوجوانوں کو قرضوں کی فراہمی اور دونوں اسکیموں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر نوجوانوں کو معاشی طور پر خودمختار بنانے، کاروباری مواقع پیدا کرنے اور زرعی شعبے میں ان کی شمولیت بڑھانے کے لیے مختلف اقدامات پر غور کیا گیا۔
وزیراعظم نے کاروباری اور زرعی سرگرمیوں کے لیے نوجوانوں کو مالی معاونت کی فراہمی کے مؤثر انتظامات پر وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔
اجلاس میں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ قرضوں کے پروگرام میں خواتین کے لیے 30 فیصد حصہ مختص کیا جائے، تاکہ انہیں معاشی طور پر بااختیار بنانے اور کاروباری سرگرمیوں میں ان کی شمولیت بڑھانے کے مواقع میسر آسکیں۔
یہ بھی پڑھیں: گھر یا کاروبار کیلئے 50 لاکھ تک قرضہ، نئی تجاویز سامنے آگئیں
وزیراعظم نے قرضوں کے حصول کے لیے کم از کم عمر کی حد بھی 21 سال سے کم کرکے 18 سال کرنے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے نوجوانوں کو کم عمری ہی میں اپنا کاروبار شروع کرنے اور زرعی شعبے میں عملی کردار ادا کرنے کے مواقع ملیں گے۔





