کویت کا سخت اقدام: 6 افراد کی شہریت منسوخ کردی گئی

خلیجی ریاست کویت سے ایک بڑی اور اہم خبر سامنے آئی ہے جہاں حکومت نے سخت قانونی اقدامات کرتے ہوئے چھ افراد کی کویتی شہریت اور ان کی اسناد فوری طور پر منسوخ کرنے کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔

کویتی حکام کی جانب سے جاری کردہ دو الگ الگ شاہی احکامات (ڈیکریز) کے بعد یہ فیصلہ سرکاری سطح پر نافذ العمل ہو چکا ہے۔

اس فیصلے کے تحت نہ صرف ان مرکزی افراد بلکہ ان پر انحصار کرتے ہوئے شہریت حاصل کرنے والے دیگر اہلخانہ کی شہریت بھی ختم ہو جائے گی۔

کویت کے سرکاری گزٹ کویت الیوم (Kuwait Alyoum)کے شمارہ نمبر 1816 میں جو کہ 8 نومبر 2026 کو شائع ہوا سال 2026 کے دو اہم حکم نامے نمبر 173 اور 174 شائع کیے گئے ہیں۔ ان احکامات کے تحت کویت کی وزارتِ داخلہ اور متعلقہ شہریت کمیٹی نے قانونی ضوابط کی خلاف ورزی اور جانچ پڑتال کے بعد یہ اقدام اٹھایا ہے۔

سال 2026 کے شاہی حکم نامہ نمبر 174 کے تحت درج ذیل دو شہریوں کی کویتی شہریت کو براہِ راست منسوخ کر دیا گیا ہے جن میں جادی محمد سعد مہدی العجمی اور نورا محمد سعد مہدی العجمی شامل ہیں۔

اس حکم نامے میں خاص طور پر یہ شق شامل کی گئی ہے کہ ان دونوں افراد کے توسط اور ان کے سرٹیفکیٹس کی بنیاد پر جتنے بھی لوگوں نے کویتی شہریت حاصل کی تھی ان سب کی شہریت بھی خود بخود کالعدم تصور کی جائے گی۔

اس کے ساتھ ہی دوسرے حکم نامے کے تحت درج ذیل چار افراد کے شہریت کے سرٹیفکیٹ (اسناد) واپس لے لیے گئے ہیں جن میں سالم حسین عبدالهادی ابو جمعہ العجمی،عوض مہدی علی ناصر العجمی،معید عوض مہدی علی ناصر العجمی اور ملحان علی مری علی القحطانی شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ڈالرز مافیا سے تعلق پی ٹی آئی کی بڑی غلطی ہے : شوکت یوسفزئی کا بڑا انکشاف!

فرمان میں واضح کیا گیا ہے کہ ان چاروں افراد کے زیرِ کفالت یا ان پر انحصار کی بنیاد پر شہریت پانے والے دیگر تمام افراد بھی اب کویتی شہری نہیں رہیں گے اور ان کی اسناد فوری طور پر منسوخ سمجھی جائیں گی۔

Scroll to Top