پاکستان میں موبائل نیٹ ورک، انٹرنیٹ یا دیگر ٹیلی کمیونیکیشن سروسز کی خرابی اور غیر معیاری خدمات سے پریشان صارفین کے لیے بڑی اور خوش آئند خبر سامنے آ گئی ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے صارفین کی سہولت اور فوری داد رسی کے لیے براہِ راست شکایت درج کرانے کا مرحلہ وار اور شفاف طریقہ کار جاری کر دیا ہے۔
پی ٹی اے کی جانب سے جاری کردہ گائیڈ لائنز کے مطابق اگر کسی صارف کو ٹیلی کام سروس کی خرابی کا سامنا ہو تو اسے سب سے پہلے متعلقہ ٹیلی کام کمپنی (کال سینٹر، ایپ یا کسٹمر سروس سینٹر) سے رابطہ کرنا چاہیے۔
شکایت درج کراتے وقت کسٹمر سروس سے کمپلینٹ / ریفرنس نمبر، تاریخ اور وقت لازمی حاصل کرنا ہوگا تاکہ بعد میں اسے ثبوت کے طور پر پیش کیا جا سکے۔
رہنما ہدایات میں واضح کیا گیا ہے کہ متعلقہ کمپنی کو شکایت کے حل کے لیے مناسب وقت دیا جائے۔ اگر مقررہ وقت کے اندر ٹیلی کام کمپنی مسئلہ حل کرنے میں ناکام رہے یا فراہم کردہ حل سے صارف مطمئن نہ ہو تو وہ بغیر کسی تاخیر کے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (PTA) کے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم (CMS)سے رجوع کر سکتا ہے۔
پی ٹی اے میں شکایت کے اندارج کے لیے درج ذیل ۴ آسان ذرائع فراہم کیے گئے ہیں:
صارفین پی ٹی اے کے آن لائن پورٹل `[https://complaint.pta.gov.pk/CMS/](https://complaint.pta.gov.pk/CMS/) پر جا کر اپنی شکایت درج کرا سکتے ہیں۔
اینڈرائیڈ اور آئی او ایس (iOS) صارفین کے لیے PTA CMS Appڈاؤن لوڈ کرنے کی سہولت موجود ہے۔
صارفین براہِ راست 0800-55055پر کال کر کے نمائندے کو شکایت نوٹ کرا سکتے ہیں۔
پی ٹی اے ہیڈکوارٹرز اسلام آباد یا علاقائی دفاتر میں جا کر بھی دستی درخواست جمع کرائی جا سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سی ایس ایس 2027 تحریری امتحان: آن لائن درخواستیں جمع کروانے کا آغاز
پی ٹی اے حکام نے تاکید کی ہے کہ اتھارٹی کو شکایت بھیجتے وقت اپنا شناختی و ذاتی ڈیٹا اور متعلقہ کمپنی کا جاری کردہ سابقہ ریفرنس نمبر فراہم کرنا لازمی ہوگا تاکہ کمپنیوں کے خلاف فوری اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
پی ٹی اے کے اس جدید اور شفاف اندازِ حکمرانی پر ملک بھر کے موبائل اور انٹرنیٹ صارفین نے شدید مسرت کا اظہار کرتے ہوئے موجودہ وفاقی حکومت اور پبلک سیکٹر اداروں کی فعال کارکردگی کو سراہا ہے۔





