نوجوان طلباء ملک کا قیمتی سرمایہ : مولانا طیب قریشی کا علماء کی خدمات کا اعتراف!

مشیر اوقاف، حج، مذہبی و اقلیتی امور، عشر و زکوٰۃ مولانا طیب قریشی نے واضح کیا ہے کہ دینی مدارس کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ مدارس نے دہشت گردی کے خلاف لازوال قربانیاں دی ہیں اور پیغامِ پاکستان کا بیانیہ مرتب کرنے میں علماء اور مدارس نے انتہائی اہم اور کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

وہ دارالعلوم افضلیہ پشاور میں منعقدہ تقریبِ تقسیمِ انعامات سے بطورِ مہمانِ خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ اس تقریب میں مہتمم مفتی عتیق اللہ، پروفیسر تحمید جان، علامہ ڈاکٹر عادل الرحمن الزہری، حاجی جان افضل، علامہ قاری حسن الماب، علامہ قاری احمد داؤد مدنی سمیت دیگر معزز شخصیات، اساتذہ اور بڑی تعداد میں طلباء نے شرکت کی۔ دارالعلوم افضلیہ آمد پر مہتمم مفتی عتیق اللہ نے مشیر اوقاف کا پرتپاک استقبال کیا۔

مولانا طیب قریشی نے اپنے خطاب میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ دینی مدارس نے ہمیشہ ملک میں امن، ترقی، بین المسالک اور بین المذاہب ہم آہنگی اور بھائی چارے کا پیغام عام کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں مدارس اور ان سے وابستہ علماء و طلباء کا حصہ ناقابلِ فراموش ہے۔ نوجوان طلباء ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں، جنہیں جدید تعلیم، تحقیق اور مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

تقریب کے دوران مولانا طیب قریشی نے دارالعلوم افضلیہ میں باقاعدہ لائبریری کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ ادارے کو لائبریری کے لیے فرنیچر اور کتب فراہم کی گئی ہیں تاکہ طلباء کو مطالعہ، تحقیق اور علمی سرگرمیوں کے لیے بہتر اور سازگار ماحول میسر آ سکے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دینی مدارس کے طلباء میں علمی و تحقیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے ایسے اقدامات کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا۔

بعد ازاں انہوں نے مختلف شعبہ جات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے ہونہار طلباء میں انعامات تقسیم کیے اور ان کی شاندار تعلیمی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ طلباء محنت، نظم و ضبط اور کردار سازی کو اپنی زندگی کا شعار بنائیں اور ملک و قوم کی خدمت کے جذبے کو فروغ دیں۔

دورے کے دوران مہمانوں نے ادارے کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی دورہ کیا جہاں انتظامیہ کی جانب سے تعلیمی و تربیتی سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور ادارے کی خدمات پر مشتمل ایک خصوصی ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی۔

مولانا طیب قریشی نے دارالعلوم افضلیہ کی انتظامیہ، اساتذہ اور طلباء کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ معیاری تعلیم اور مثبت تربیت سے ہی معاشرے میں امن اور رواداری کو فروغ ملتا ہے۔

پشاور میں دینی مدارس کی فلاح و بہبود اور تعلیمی ترقی سے متعلق اس تقریب اور حکومتی عزم پر عوامی حلقوں، علماء اور شہریوں نے انتہائی مسرت کا اظہار کیا ہے۔

عوام نے موجودہ صوبائی انتظامیہ اور مشیر اوقاف مولانا طیب قریشی کے اس مثبت اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ مدارس کے طلباء کو جدید تعلیم اور لائبریری جیسی سہولیات فراہم کرنا ایک بہترین فیصلہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خراب نیٹ ورک اور انٹرنیٹ: پی ٹی اے نے شکایت کا طریقہ کار جاری کر دیا

اس موقع پر شہریوں نے سابقہ پی ٹی آئی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے پچھلے طویل دورِ حکومت میں خیبرپختونخوا کے تعلیمی اداروں اور مدارس کو ہمیشہ نظر انداز کیا گیا، فنڈز کی عدم دستیابی کی وجہ سے تعلیمی سرگرمیاں متاثر رہیں اور سابق حکمران صرف دھرنوں اور صوبے کو میدانِ جنگ بنانے کی سیاست میں مصروف رہے۔

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے کے پی کے عوام کو پسماندگی کے سوا کچھ نہیں دیا جبکہ موجودہ انتظامیہ عملی اقدامات کے ذریعے نوجوانوں کا مستقبل روشن کر رہی ہے۔

Scroll to Top