گومل یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی تبدیلی، ڈاکٹر طاہر خلیلی اضافی چارج پر تعینات

صابحہ شیخ

پشاور: گومل یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک بار پھر وائس چانسلر کی تبدیلی کر دی گئی۔ خیبرپختونخوا حکومت کے محکمہ اعلیٰ تعلیم، آرکائیوز اینڈ لائبریریز نے ڈاکٹر شکیب کو گومل یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے اضافی چارج سے فارغ کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر خلیلی کو نیا اضافی چارج تفویض کر دیا ہے۔

محکمہ اعلیٰ تعلیم کی جانب سے 7 نومبر 2026 کو جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا بطور چانسلر گومل یونیورسٹی نے خیبرپختونخوا یونیورسٹیز ایکٹ 2012 کے تحت حاصل اختیارات استعمال کرتے ہوئے ڈاکٹر شکیب، وائس چانسلر یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز سوات کو گومل یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے اضافی عہدے سے فوری طور پر فارغ کر دیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق گومل یونیورسٹی کے وائس چانسلر کا اضافی چارج ڈاکٹر طاہر خلیلی، وائس چانسلر خوشحال خان خٹک یونیورسٹی کرک کو سونپ دیا گیا ہے۔ وہ اپنی موجودہ ذمہ داریوں کے ساتھ گومل یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے اضافی فرائض بھی انجام دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : ملک میں فلو اور سانس کی بیماریوں کے کیسز میں اضافہ، ویکسین کی عدم دستیابی نے شہریوں کی تشویش بڑھا دی

محکمہ اعلیٰ تعلیم کے مطابق یہ تقرری عوامی مفاد اور شفافیت کو مدنظر رکھتے ہوئے تاحکمِ ثانی کی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کی نقول گورنر خیبرپختونخوا کے پرنسپل سیکرٹری، گومل یونیورسٹی کے وائس چانسلر، خوشحال خان خٹک یونیورسٹی کرک، یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز سوات کے وائس چانسلرز، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا، متعلقہ حکام اور محکمہ اعلیٰ تعلیم کے سیکرٹری کو بھی ارسال کر دی گئی ہیں۔

Scroll to Top