نئی آٹو پالیسی 2026-31 متعارف، پاکستان میں گاڑیاں 50 لاکھ روپے تک سستی ہونے کا امکان

اسلام آباد: وفاقی حکومت کی جانب سے نئی آٹو پالیسی 2026-31 متعارف کرائے جانے کے بعد ملک میں گاڑیوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی توقعات بڑھ گئی ہیں۔ نئی پالیسی کے تحت درآمدی ڈیوٹیوں میں مرحلہ وار کمی، الیکٹرک گاڑیوں کا فروغ، مقامی سطح پر گاڑیوں اور پرزہ جات کی تیاری میں اضافہ اور آٹو سیکٹر کی برآمدات کو بڑھانے پر توجہ دی گئی ہے۔

ابتدائی تخمینوں کے مطابق نئی پالیسی کے تحت چھوٹی پیٹرول گاڑیوں کی قیمتوں میں تقریباً 11 سے 12 فیصد جبکہ بعض الیکٹرک اور پلگ اِن ہائبرڈ گاڑیوں کی قیمتوں میں 20 سے 33 فیصد تک کمی ممکن ہے۔ تاہم قیمتوں میں یہ ریلیف فوری طور پر ملنے کے بجائے آئندہ پانچ سال کے دوران بتدریج سامنے آنے کی توقع ہے۔

ممکنہ نئی قیمتوں کے ابتدائی تخمینوں کے مطابق سوزوکی آلٹو کی قیمت 32 لاکھ روپے سے کم ہوکر 28 لاکھ 45 ہزار روپے، سوزوکی کلٹس کی قیمت 43 لاکھ سے کم ہوکر 38 لاکھ روپے جبکہ ٹویوٹا یارس 1.5 کی قیمت 60 لاکھ سے کم ہوکر 53 لاکھ روپے تک آنے کا امکان ہے۔

الیکٹرک گاڑیوں میں وولنگ بنگو کی قیمت 40 لاکھ روپے سے کم ہوکر 27 لاکھ روپے، باوجن ییپ پلس کی قیمت 63 لاکھ سے کم ہوکر 50 لاکھ روپے جبکہ ایک چھوٹی الیکٹرک گاڑی کی قیمت 53 لاکھ سے کم ہوکر 36 لاکھ روپے تک آنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

اسی طرح ایم جی ایچ ایس پیٹرول کی قیمت 95 لاکھ سے کم ہوکر 92 لاکھ روپے جبکہ ایم جی ایچ ایس پلگ اِن ہائبرڈ کی قیمت ایک کروڑ 3 لاکھ سے کم ہوکر 90 لاکھ روپے تک آنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : گومل یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی تبدیلی، ڈاکٹر طاہر خلیلی اضافی چارج پر تعینات

کِیا اسپورٹیج کی قیمت ایک کروڑ 22 لاکھ سے کم ہوکر ایک کروڑ 11 لاکھ روپے جبکہ ہیوال اے ڈبلیو ڈی پلگ اِن ہائبرڈ کی قیمت ایک کروڑ 29 لاکھ سے کم ہوکر ایک کروڑ 11 لاکھ روپے تک آنے کی توقع ہے۔

ٹویوٹا RAV4 پلگ اِن ہائبرڈ کی قیمت میں بھی بڑی کمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کے مطابق اس کی موجودہ قیمت 2 کروڑ 33 لاکھ روپے سے کم ہوکر ایک کروڑ 83 لاکھ روپے تک آسکتی ہے، یوں خریداروں کو تقریباً 50 لاکھ روپے کی بچت ہوسکتی ہے۔

دوسری جانب ٹویوٹا فارچیونر ان گاڑیوں میں شامل ہے جن کی قیمت میں کمی کے بجائے اضافے کا امکان ہے۔ ابتدائی تخمینوں کے مطابق اس کی قیمت 2 کروڑ 5 لاکھ سے بڑھ کر 2 کروڑ 17 لاکھ روپے تک پہنچ سکتی ہے۔

دیگر گاڑیوں میں GAC Aion UT کی قیمت 64 لاکھ سے کم ہوکر 50 سے 52 لاکھ روپے، جبکہ Jaecoo J7 PHEV کی قیمت ایک کروڑ سے کم ہوکر تقریباً 80 لاکھ روپے تک آنے کی توقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ملک میں فلو اور سانس کی بیماریوں کے کیسز میں اضافہ، ویکسین کی عدم دستیابی نے شہریوں کی تشویش بڑھا دی

ہونڈا HR-V e، ہیوال جولین اور ٹویوٹا کرولا آلٹس کے بعض منتخب ویریئنٹس کی قیمتوں میں بھی 6 سے 8 لاکھ روپے تک کمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ BYD Atto 3 اور GAC Aion V جیسی الیکٹرک ایس یو ویز بھی نئی پالیسی سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔

تاہم 2 ہزار سی سی سے بڑی گاڑیوں پر اضافی لیوی اور ٹیکس عائد ہونے کے باعث بعض گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافے کا امکان بھی موجود ہے۔

واضح رہے کہ سامنے آنے والی قیمتیں آٹو پالیسی کے پہلے سال کے ابتدائی تخمینوں پر مبنی ہیں، انہیں گاڑیاں بنانے والی کمپنیوں کی حتمی قیمتیں قرار نہیں دیا جا سکتا۔ حقیقی قیمتوں کا تعین درآمدی ڈیوٹیوں میں کمی کے عملی نفاذ اور کمپنیوں کی جانب سے نئی قیمتوں کے اعلان کے بعد ہوگا۔

نئی آٹو پالیسی کا بنیادی مقصد گاڑیوں کو صارفین کے لیے سستا بنانے کے ساتھ مقامی صنعت کو مضبوط کرنا، الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کو فروغ دینا، درآمدات پر انحصار کم کرنا اور پاکستان کو گاڑیوں اور آٹو پارٹس کی برآمدات کے قابل بنانا ہے۔

Scroll to Top