دنیا بھر میں دل اور گردوں کی موذی بیماریوں سے ہونے والی اموات کو روکنے کے حوالے سے ایک انتہائی اہم اور امید افزا سائنسی تحقیق سامنے آئی ہے۔
آسٹریلیا کے معروف ادارے جارج انسٹی ٹیوٹ فار گلوبل ہیلتھ کی جانب سے کی گئی اور مشہور طبی جریدے نیچر ہیلتھ میں شائع ہونے والی اس تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ اگر دنیا بھر میں روزمرہ استعمال ہونے والے عام نمک کو ایک خاص حد تک پوٹاشیم سے افزودہ نمک (Potassium-enriched Salt) سے تبدیل کر دیا جائے تو ہر سال دل اور گردوں کے امراض سے ہونے والی تقریباً 29 لاکھ 60 ہزار (30 لاکھ) اموات کی روک تھام کی جا سکتی ہے۔
تحقیق کے مطابق 193 ممالک کے اعداد و شمار کا جائزہ لے کر یہ تخمینہ لگایا گیا ہے کہ اس چھوٹی سی غذایی تبدیلی سے نہ صرف لاکھوں زندگیاں بچائی جا سکتی ہیں بلکہ دل اور گردوں کی ان خطرناک بیماریوں کے ایک کروڑ سے زائد نئے کیسز سے بھی بچا ممکن ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ملک میں فلو اور سانس کی بیماریوں کے کیسز میں اضافہ، ویکسین کی عدم دستیابی نے شہریوں کی تشویش بڑھا دی
محققین نے اس بات کا تفصیلی جائزہ لیا ہے کہ اگر اس نمک کا استعمال صرف گھروں تک محدود رہے یا اسے بازاروں اور ریستورانوں میں بھی عام کیا جائے تو اس کے کیا اثرات ہوں گے:
صرف گھروں میں استعمال:
اگر گھریلو کھانوں میں عام نمک کی جگہ پوٹاشیم ملا نمک استعمال ہو تو سالانہ 18 لاکھ 50 ہزار اموات اور 61 لاکھ 90 ہزار نئے کیسز روکے جا سکتے ہیں۔
صرف بازار اور ریستورانوں میں استعمال:
اگر تیار غذاؤں اور ہوٹلوں میں یہ نمک استعمال کیا جائے تو 15 لاکھ 60 ہزار اموات اور 54 لاکھ 60 ہزار نئے کیسز کی روک تھام ہو سکتی ہے۔
گھروں اور بازار دونوں جگہوں پر استعمال: اگر دونوں مقامات پر یہ تبدیلی کر دی جائے تو سالانہ 29 لاکھ 60 ہزار اموات اور 1 کروڑ 17 ہزار نئے کیسز سے بچاؤ یقینی بنایا جا سکتا ہے۔
عام کھانے کا نمک بنیادی طور پر سوڈیم کلورائیڈ پر مشتمل ہوتا ہے، جبکہ پوٹاشیم والے نمک میں سوڈیم کا کچھ حصہ پوٹاشیم کلورائیڈ سے بدل دیا جاتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ جدید خوراک میں سوڈیم کی زیادتی اور پوٹاشیم کی کمی بلڈ پریشر بڑھاتی ہے جو دل اور گردوں کی بیماریوں کی بنیادی وجہ ہے۔
پوٹاشیم سے افزودہ نمک بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے میں مدد دیتا ہے جبکہ اس سے کھانے کے ذائقے پر بھی کوئی خاص فرق نہیں پڑتا جس کی وجہ سے لوگ اسے آسانی سے اپنا سکتے ہیں۔
تحقیق کی مرکزی مصنفہ ڈاکٹر لی پنگ (پولی) ہوانگ اور دیگر ماہرین کے مطابق ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں اور زیادہ نمک استعمال کرنے والے افراد کے لیے یہ نمک انتہائی مفید ہے۔ تاہم، یہ ہر شخص کے لیے محفوظ نہیں ہے:
گردوں کے کمزور مریض:
چونکہ گردے جسم سے اضافی پوٹاشیم خارج کرتے ہیں، اس لیے خراب گردوں والے افراد کے خون میں پوٹاشیم جمع ہونے سے دل کی دھڑکن خطرناک حد تک بے ترتیب ہو سکتی ہے۔
مخصوص ادویات کے استعمال پر پابندی:
جو لوگ بلڈ پریشر یا دل کی ایسی ادویات (مثلاً لیزینوپریل، لوسارٹن، اسپائرونولیکٹون وغیرہ) استعمال کر رہے ہیں جو خون میں پوٹاشیم کی سطح بڑھاتی ہیں انہیں یہ نمک معالج کے مشورے کے بغیر ہرگز استعمال نہیں کرنا چاہیے۔
اس اہم طبی تحقیق کے سامنے آنے کے بعد عوامی حلقوں اور صحت کے شعبے سے وابستہ افراد کی جانب سے انتہائی مثبت ردِعمل ظاہر کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پیرس میں جی سیون اجلاس شدید اختلافات کا شکار،امریکا اور اتحادی آمنے سامنے!
شہریوں کا کہنا ہے کہ آج کے دور میں ناقص غذائیں اور تیز نمک کا استعمال عام بیماریوں کی بڑی وجہ بن چکا ہے اس لیے اگر حکومتیں، طبی ادارے اور خوراک تیار کرنے والی صنعتیں عام نمک کی جگہ پوٹاشیم سے افزودہ نمک کے استعمال کو عام کرنے کے لیے عملی اقدامات کریں تو عام آدمی کو صحت مند زندگی گزارنے میں بڑی مدد مل سکتی ہے۔
تاہم عوام کا یہ بھی ماننا ہے کہ اس تبدیلی سے متعلق طبی احتیاطی تدابیر، ڈاکٹروں کی ہدایات اور ممکنہ خطرات (خصوصاً گردوں کے مریضوں کے لیے) سے متعلق آگاہی مہم چلانا بھی اتنا ہی ضروری ہے۔





