صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا نے تربیلا ڈیم سے دریائے سندھ میں پانی کے اخراج میں شدید اضافے کے پیشِ نظر ہری پور، صوابی اور نوشہرہ کی ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے تمام ضروری احتیاطی اور حفاظتی اقدامات فوری طور پر مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق تربیلا ڈیم پراجیکٹ کے سپرنٹنڈنگ انجینئر سروے اینڈ ہائیڈرولوجی کی جانب سے جاری کردہ الرٹ نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ دریائے سندھ میں پانی کا اخراج تقریباً ایک لاکھ 50 ہزار (150,000) کیوسک سے زائد رہنے کا امکان ہے۔
اس خطرناک صورحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پی ڈی ایم اے نے ہری پور، صوابی اور نوشہرہ کے ڈپٹی کمشنرز کو پیشگی اقدامات کرنے، دریا کے کنارے آباد شہریوں کے تحفظ اور حساس مقامات کی 24 گھنٹے خصوصی نگرانی کی ہدایت کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سائنسدانوں کا بڑا انکشاف: عام نمک کا صحت مند متبادل لاکھوں زندگیاں بچا سکتا ہے
ترجمان کے مطابق ادارے کا ایمرجنسی آپریشنز سینٹر مکمل طور پر فعال ہے اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1700 پر فوری رابطہ کریں۔





