سلامتی کونسل: پاکستان کا یوکرین میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ

پاکستان نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل (UNSC) کے اہم اجلاس کے دوران یوکرین تنازع کے فوری، منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے جنگ بندی، مسلسل مذاکرات اور سفارتکاری کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے تمام متعلقہ فریقین پر مزید کشیدگی پھیلانے سے گریز کرنے پر زور دیا ہے۔

اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سید حیدر شاہ نے اپنے پالیسی خطاب میں کہا کہ یوکرین میں جاری لڑائی کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کے ساتھ ساتھ اہم بنیادی ڈھانچے کو بھی شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔

انہوں نے خاص طور پر توانائی کی تنصیبات، ذرائع نقل و حمل اور تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانے کے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا کہ ایسے حملوں سے نہ صرف جنگ کی شدت اور دائرہ کار میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ خطے کی معاشی و تجارتی سرگرمیاں بھی شدید متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

پاکستانی مندوب نے واضح کیا کہ تنازع کا پرامن اور سفارتی حل ہی واحد قابلِ عمل اور ذمہ دارانہ راستہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں : تربیلا ڈیم سے دریائے سندھ میں پانی کا اخراج 1.5 لاکھ کیوسک سے تجاوز،3 اضلاع میں الرٹ جاری!

انہوں نے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ طاقت کے استعمال کے بجائے مذاکرات کو ترجیح دیں اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کو یقینی بنائیں۔

سید حیدر شاہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان یوکرین تنازع کے پائیدار حل کے لیے ہر قسم کی سفارتی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

Scroll to Top