پشاور:خیبرپختونخوا میں انسدادِ تجاوزات اور قانون کی بالادستی کے لیے جاری سخت ترین مہم کے دوران پشاور کے رنگ روڈ پر قائم جمعیت علمائے اسلام (ف) کے صوبائی سیکرٹریٹ اور مفتی محمود مرکز کو ممکنہ انہدام کے خطرات کا سامنا ہے۔
اس صورتحال پر سیاسی محاذ گرم ہو چکا ہے اور مولانا فضل الرحمان کی ہدایت پر مدرسے کے طلبہ اور پارٹی کے مسلح رضاکار ونگ انصار الاسلام نے ریاستی رٹ کو چیلنج کرتے ہوئے مرکز کا سیکیورٹی کنٹرول اپنے ہاتھوں میں لے لیا ہے۔
گورنر راج کے بعد بلا امتیاز آپریشن اور مفتی محمود مرکز پر ممکنہ کڑی نظر
صوبے میں گورنر راج کے نفاذ کے فوری بعد ضلعی انتظامیہ اور پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (PDA) نے غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف بلا امتیاز آپریشن کا آغاز کر رکھا ہے۔
اس مہم کے تحت رنگ روڈ پر پہلے ہی متعدد غیر قانونی عمارات کو مسمار کیا جا چکا ہے. حالیہ رپورٹس کے مطابق اس انسدادِ تجاوزات مہم کے دائرے میں جمعیت کا مرکزی سیکرٹریٹ بھی آ رہا ہے۔اتوار کے روز انتظامیہ کے عملے نے سیکرٹریٹ کے اردگرد موجود عمارات پر باقاعدہ نشانات (مارکنگ) بھی لگائے، جس کے بعد سے سیاسی حلقوں میں شدید ہلچل مچی ہوئی ہے.
طلبہ اور انصار الاسلام کو ڈھال بنانے کی کوشش، قیادت مرکز میں مقیم
انتظامی کارروائی کے خطرے کے پیش نظر مولانا فضل الرحمان نے مدرسے کے معصوم طلبہ کو ریاست کے سامنے لاکھڑا کرنے کی گھناؤنی کوشش کی ہے اور جے یو آئی کے عسکری ونگ انصار الاسلام کے رضاکاروں کو طلب کر کے پورے مفتی محمود مرکز کے گرد حفاظتی حصار قائم کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : فضل الرحمان کے بیٹے اسعد محمود کا نیا میگا گھپلا، 1.61 ارب کے روڈ پروجیکٹس کی لاگت راتوں رات 6.71 ارب تک کیسے پہنچی؟
کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نبردآزما ہونے کے لیے جماعت کی اہم صوبائی قیادت بھی اس وقت مرکز کے اندر ہی ڈیرے ڈال کر بیٹھ گئی ہے۔
تصادم کا خطرہ اور انتظامی عزم
ایک طرف ضلعی انتظامیہ کا دوٹوک مؤقف ہے کہ قانون کی بالادستی اور تجاوزات کا خاتمہ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، وہیں دوسری طرف مذہبی جماعت کی جانب سے مسلح رضاکاروں اور طلبہ کو ڈھال بنا کر سامنے لانا اس بات کا غماز ہے کہ فریقین کے درمیان تصادم کے خطرات منڈلا رہے ہیں۔
سیکرٹریٹ کے گرد یہ غیر قانونی حصار اور سیاسی قیادت کی ہٹ دھرمی آنے والے دنوں میں ایک بڑے انتظامی اور سیاسی محاذ آرائی کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتی ہے۔





