کوہاٹ: خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں قومی وسائل کی بے دردی سے لوٹ مار اور غیر قانونی پلیسر گولڈ مائننگ کے خلاف ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں نے ہنگامی اور فیصلہ کن گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے تقریباً 94 کلومیٹر کے وسیع رقبے کو ان مافیا عناصر سے مکمل طور پر پاک کر دیا ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق غیر قانونی مائننگ میں استعمال ہونے والی تمام سپلائی لائنز اور مشینری کا نام و نشان مٹا دیا گیا ہے جبکہ اس گھناؤنے دھندے میں ملوث دلالوں اور سرپرستوں کے خلاف مقدمات درج کر کے شکنجہ کسا جا رہا ہے۔ انتظامیہ کا دوٹوک اعلان ہے کہ ضلع سے اس مافیا کے مکمل خاتمے تک یہ آپریشن بلا تعطل جاری رہے گا۔
پی ٹی آئی کا دورِ اقتدار: غیر قانونی مائننگ کی کھلی چھوٹ اور وزراء کی آشیرباد
سیاسی و انتظامی حلقوں کی جانب سے یہ ہولناک حقائق سامنے آئے ہیں کہ تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے گزشتہ دورِ حکومت میں کوہاٹ اور گردونواح کے علاقوں میں غیر قانونی سونے کی مائننگ کسی روک ٹوک کے بغیر پوری آب و تاب کے ساتھ جاری تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس دوران پی ٹی آئی کے وزراء اور بااثر عہدیدار مبینہ طور پر اس مافیا کی پشت پناہی کر رہے تھے، جن کی براہِ راست سرپرستی اور گٹھ جوڑ کے باعث قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں غیر ضروری ترقیاتی منصوبے ختم کرنے کی تیاری، سی اینڈ ڈبلیو کے 731 منصوبوں کی چھان بین شروع
پی ٹی آئی کی حکومت میں قانون نام کی کوئی چیز نہیں تھی اور مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے قیمتی قدرتی وسائل کو کھلے عام لوٹنے کی کھلی چھٹی دی گئی، جس نے صوبے کے وسائل کا خون نچوڑ ڈالا۔
نئی حکومت کا سخت ترین موقف: اب کوئی تجاوزات اور غیر قانونی دھندا نہیں بچے گا
موجودہ حکومت اور ضلعی انتظامیہ نے اقتدار سنبھالتے ہی واضح کر دیا ہے کہ اب کرپشن، تجاوزات اور قدرتی وسائل پر ڈاکہ ڈالنے والے کسی بھی مافیا کو پنپنے کا موقع نہیں دیا جائے گا۔
ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے والے عناصر اب قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔
حکومت کا عزم ہے کہ خیبرپختونخوا کے کونے کونے سے اس غیر قانونی مافیا کا مکمل صفایا کیا جائے گا اور عوامی دولت کی لوٹ مار میں ملوث چہروں کو کٹہرے میں لایا جائے گا۔





