لاہور :گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پشاور سے لاہور کے لیے باقاعدہ فضائی رابطے کے آغاز کو انتہائی خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ محض ایک سفری سہولت نہیں بلکہ دونوں صوبوں کے عوام کے درمیان قربت، محبت اور رابطوں کے ایک نئے اور مثبت دور کا آغاز ہے۔
وہ خیبرپختونخوا کا مثبت اور محبت بھرا پیغام لے کر لاہور پہنچے، جہاں ان کا اور بلدیاتی نمائندوں کا انتہائی پرتپاک استقبال کیا گیا۔
لاہور آمد کے موقع پر ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور سینیئر وزیر مریم اورنگزیب کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ ماضی کی سیاسی و انتظامی تلخیوں کو پیچھے چھوڑ کر اب آگے بڑھنے کا وقت آ چکا ہے اور ان کی ترجیح خیبرپختونخوا کا مثبت اور پرامن تشخص دنیا کے سامنے اجاگر کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پشاور اور لاہور کے درمیان باہمی میل جول اور رابطوں کے اس سلسلے کو مستقبل میں بھی پوری تندہی کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔
سفری سہولیات پر روشنی ڈالتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پشاور سے لاہور کا 6 سے 7 گھنٹے کا طویل اور تھکا دینے والا سفر اب محض 1 گھنٹے میں طے ہو سکے گا۔
اس سہولت سے بالخصوص پنجاب میں مقیم پشتون کمیونٹی، عام شہریوں اور تاجروں کو بے پناہ فائدہ ہوگا۔ اب لوگ ویک اینڈ پر آسانی سے دونوں شہروں کے درمیان آمد و رفت کر سکیں گے، جس سے نہ صرف سماجی بلکہ تجارتی اور کاروباری روابط کو بھی زبردست فروغ حاصل ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا کے سرکاری محکموں میں بڑی تبدیلی کی تیاری، غیر ضروری آسامیاں ختم کرنے کا فیصلہ
گورنر خیبرپختونخوا نے پنجاب حکومت کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ پنجاب کے مثبت اور کامیاب تجربات سے سیکھ کر انہیں خیبرپختونخوا میں نافذ کرنے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے دونوں صوبوں کے کاروباری طبقے اور چیمبرز آف کامرس کے درمیان قریبی روابط استوار کرنے پر زور دیا اور لاہور کے تاجروں کو خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری اور دوروں کی باقاعدہ دعوت دی۔
فیصل کریم کنڈی نے کھیلوں اور نوجوانوں کے کردار کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں تعلیم کے شعبے میں مزید اصلاحات اور کام کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ٹی 20 کرکٹ کے ذریعے دنیا کو دہشت گردی کے خلاف ایک مثبت اور پرامن پیغام دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبائی ہم آہنگی، تعلیم اور کھیلوں کے فروغ کے لیے دونوں صوبوں کی قیادت کے درمیان ملاقاتوں اور رابطوں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔





