خیبرپختونخوا کے شعبہ صحت میں سابقہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی 13 سالہ حکمرانی کے دوران ہونے والی سنگین مالی بے ضابطگیوں، سرکاری رقم کی عدم وصولی اور قومی خزانے کو کروڑوں روپے کے ٹیکے لگانے کے ہوشربا انکشافات سامنے آئے ہیں۔
آڈٹ رپورٹ کی تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے دورِ اقتدار کی غفلت اور بدانتظامی کے باعث صرف محکمہ صحت میں مجموعی طور پر 37 کروڑ 68 لاکھ روپے سے زائد کی رقم کا گھپلا اور بے ضابطگیاں ریکارڈ کی گئی ہیں۔
تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق خیبر میڈیکل یونیورسٹی (KMU) سے 9 کروڑ روپے کی بھاری الحاق فیس (Affiliation Fee) تاحال وصول ہی نہیں کی جا سکی جو سابقہ صوبائی حکومت کی مجرمانہ غفلت اور قومی خزانے سے برتی جانے والی لاپرواہی کا واضح ثبوت ہے۔
مالی بے ضابطگیوں کا یہ سلسلہ یہی نہیں رکتا بلکہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (DHO) پشاور کے دفتر میں ہیلتھ پروفیشنل الاؤنس کی مد میں 1 کروڑ 45 لاکھ روپے کی رقم قواعد و ضوابط کو ہوا میں اڑاتے ہوئے غیر مجاز اور خلافِ قانون طور پر بانٹی گئی۔
اس کے علاوہ سیٹلائٹ ہسپتال نحقی میں غریب عوام اور صارفین کے واجبات میں سے 53 لاکھ روپے سے زائد کی رقم میں سنگین خورد برد کی نشاندہی کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سابقہ حکمرانوں کی اس بے تدبیری اور انتظامی نااہلی نے نہ صرف صوبائی خزانے کو شدید نقصان پہنچایا بلکہ عوام کو میسر صحت کی سہولیات کو بھی تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا۔
تاہم موجودہ حکومت اور انتظامیہ نے اقتدار سنبھالتے ہی ان تمام مالی بے ضابطگیوں کا نوٹس لے کر شفافیت کا عمل شروع کر دیا ہے۔ موجودہ حکمران طبقے کی جانب سے ہر شعبے کا کڑا احتساب اور مالی شفافیت کو یقینی بنانا اس بات کا ثبوت ہے کہ موجودہ حکومت قومی اثاثوں کے تحفظ کے لیے سنجیدہ اور پرعزم ہے۔
عوامی حلقوں نے محکمہ صحت میں 37 کروڑ روپے سے زائد کی کرپشن اور خورد برد کو بے نقاب کرنے پر موجودہ حکومت کے شفاف اور بروقت اقدامات کو شدید سراہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم شہباز شریف کوپ 31 اجلاس کے لیے ترکیہ پہنچ گئے،شاندار استقبال
عوام کا کہنا ہے کہ گزشتہ 13 سال تک پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے خیبرپختونخوا کو صرف نعروں اور انتشار کے سوا کچھ نہیں دیا جس کی بدولت سرکاری ادارے تباہی اور کرپشن کا گڑھ بن گئے۔
عوام نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے کہ موجودہ حکومت کی مؤثر پالیسیوں، کڑی نگرانی اور گڈ گورننس کے باعث سابقہ دور کی کرپشن سامنے آ رہی ہے اور قومی خزانے کا ضیاع روکنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔





