اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن برائے موسمیاتی تبدیلی کی 31ویں بین الاقوامی کانفرنس (کوپ 31) کے عالمی سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے وزیراعظم شہباز شریف ترکیہ کے ساحلی شہر انطالیہ پہنچ گئے ہیں۔
انطالیہ ہوائی اڈے پر ترکیہ کے نائب وزیر برائے ثقافت و سیاحت گوکھان یازگی، ترکیہ میں پاکستان کی نامزد سفیر آمنہ بلوچ اور دیگر اعلیٰ حکام نے وزیراعظم کا انتہائی گرم جوشی سے استقبال کیا۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کوپ 31 کے سربراہی اجلاس سے تاریخی خطاب کریں گے جس میں وہ موسمیاتی تبدیلی کے سنگین اثرات سے نبرد آزما پاکستان کا مقدمہ عالمی برادری کے سامنے رکھیں گے۔
وزیراعظم اپنے خطاب میں موسمیاتی ترجیحات، قابل تجدید توانائی کے استعمال اور ماحول دوست منصوبوں کی طرف منتقلی کے لیے عالمی سطح پر ہنگامی و مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیں گے۔
اس کے علاوہ وہ الیکٹرک ٹرانسپورٹیشن اور گرین انرجی کے فروغ پر ہونے والے ایک اعلیٰ سطحی عالمی مکالمے میں بھی خصوصی شرکت و خطاب کریں گے۔
کانفرنس کی سائیڈ لائنز پر وزیراعظم شہباز شریف کی ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سمیت متعدد عالمی سربراہان مملکت سے اہم دوطرفہ ملاقاتیں متوقع ہیں جن میں باہمی تعلقات کی استواری اور اقتصادی و موسمیاتی تعاون کو وسعت دینے پر گفتگو ہوگی۔
کانفرنس میں قائم کردہ پاکستان پویلین میں موسمیاتی موضوعات پر 54 مختلف تقریبات کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے جو عالمی سطح پر پاکستان کے سرگرم کردار کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
یہ بھی پڑھیں : حکومت نےپیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کردی،نوٹیفکیشن جاری
یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان موسمیاتی سفارت کاری میں ہمیشہ پیش پیش رہا ہے۔ ماضی میں کوپ 27 کے دوران لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ (Loss and Damage Fund) کا قیام بھی پاکستان کی بہترین سفارتی حکمت عملی اور انتھک کوششوں کا مرہونِ منت تھا۔





