خیبرپختونخوا حکومت کا بڑا فیصلہ، مشیر قانون کا خاتون محتسب کے نئے ریجنل دفاتر قائم کرنے کا حکم

خیبر پختونخوا میں سابقہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی 13 سالہ طویل حکومت کے دوران خواتین کے حقوق کی پامالی، انتظامی سستی اور ہراسمنٹ و جائیداد کے مسائل حل نہ کرنے کی مجرمانہ پالیسی کے بعد بالآخر موجودہ حکومت نے خواتین کے تحفظ کے لیے انقلابی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔

سابقہ حکومت کی نااہلی اور غفلت کے باعث صوبے کی خواتین کو اپنے بنیادی مسائل اور انصاف کے حصول کے لیے شدید مشکلات اور دور دراز کے دفاتر کے دھکے کھانے پڑتے تھے۔

سابقہ دور کے پیدا کردہ اس جمود کا خاتمہ کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا کے مشیر برائے قانون، محنت و بین الصوبائی رابطہ عامر جاوید نے خاتون محتسب کے دفتر کا اہم دورہ کیا۔

دورے کے دوران خاتون محتسب رباب مہدی نے انہیں روزمرہ مقدمات کی سماعت، ادارے کی اب تک کی کارکردگی اور پی ٹی آئی دور کے چھوڑے ہوئے انتظامی و عملی چیلنجز سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔

صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے مشیر قانون عامر جاوید نے فوری اور سخت ہدایات جاری کیں کہ خاتون محتسب کے ریجنل دفاتر کو درکار جگہ اور دیگر تمام ضروری سہولیات کی فراہمی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں تاکہ خواتین کو ہراسمنٹ اور جائیداد سے متعلق شکایات کے ازالے میں ماضی کی طرح غیر ضروری انتظامی رکاوٹوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو واضح حکم دیا کہ خاتون محتسب کے مزید تین ریجنل دفاترکے قیام کے لیے فوری طور پر مناسب جگہ اور تمام انتظامی و دفتری لوازمات مکمل کیے جائیں تاکہ خواتین کو اپنے مسائل کے حل کے لیے دُور دراز سفر نہ کرنا پڑے اور انہیں بروقت اور بااعزت انصاف ان کی دہلیز پر میسر آ سکے۔

مشیر عامر جاوید نے تاکید کی کہ انصاف کی فراہمی میں شفافیت، غیر جانبداری اور قانون کی حکمرانی ہی بنیادی اصول ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ درخواست گزار اور جس کے خلاف درخواست دائر کی گئی ہو دونوں کا موقف یکساں توجہ، حوصلے اور تحمل سے سنا جائے تاکہ کسی کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔

منصفانہ طرزِ حکمرانی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے قرآنی آیت کا حوالہ دیا(پس لوگوں کے درمیان حق کے ساتھ فیصلہ کرو)۔

انہوں نے تنبیہ کی کہ عوامی شکایات کے فیصلوں میں ذاتی پسند و ناپسند یا سابقہ دور کی طرح کی غیر ضروری دفتری رکاوٹوں کی ہرگز کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔

موجودہ انتظامیہ کا یہ جرات مندانہ اور فوری قدم اس بات کا ثبوت ہے کہ موجودہ حکومت پی ٹی آئی کے 13 سالہ ناکام دورِ اقتدار کی خرابیوں کو دور کر کے صوبے کی خواتین کے حقوق اور عزت و ناموس کے تحفظ کے لیے مکمل سنجیدگی سے کام کر رہی ہے۔

عوامی بالخصوص خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کی جانب سے مشیر قانون عامر جاوید اور موجودہ حکومت کے اس احسن اقدام کا بھرپور خیرمقدم کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : عالمی جاسوسی کا بڑا سکینڈل بے نقاب: 41 سالہ سینئر امریکی افسر لندن سے گرفتار

شہریوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ 13 سال میں پی ٹی آئی حکومت نے خواتین کے مسائل کو یکسر نظر انداز کیا جس سے خواتین کو ہراسمنٹ اور جائیداد پر قبضوں جیسے سنگین مسائل میں انصاف نہیں ملتا تھا۔

عوامی حلقوں نے امید ظاہر کی ہے کہ 3 نئے ریجنل دفاتر کے قیام سے خواتین کو دور دراز کے سفر سے نجات ملے گی اور انہیں گھر کی دہلیز پر فوری اور شفاف انصاف فراہم ہو سکے گا۔

Scroll to Top