نیتن یاہو سے مشابہت مہنگی پڑ گئی، تہران میں ایرانی دکاندار کا خریداروں نے بائیکاٹ کر دیا

تہران: ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری شدید کشیدگی کے غیر معمولی اثرات تہران کی عام مارکیٹوں تک پہنچ گئے، جہاں اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو سے حیرت انگیز مشابہت رکھنے والے ایک ایرانی دکاندار کو خریداروں کے بائیکاٹ کا سامنا ہے۔

تہران میں خشک میوہ جات اور روایتی مٹھائیاں فروخت کرنے والے دکاندار کے چہرے اور خدوخال اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے غیر معمولی حد تک ملتے ہیں، جس کے باعث پہلی نظر میں لوگ اسے دیکھ کر دھوکا کھا جاتے ہیں۔

دکاندار کی دکان پر بنائی گئی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد شہریوں نے اس کی دکان سے خریداری کرنا چھوڑ دی، جس کے نتیجے میں اسے کاروباری مشکلات اور مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں بچیوں کو سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسینیشن مہم آج سے شروع

متاثرہ دکاندار کا کہنا ہے کہ نیتن یاہو سے چہرے کی غیر ارادی مشابہت نے اس کی زندگی مشکل بنا دی ہے۔ اب خریدار اس کی دکان کا رخ نہیں کرتے، جس کے باعث وہ شدید ذہنی پریشانی اور مالی نقصان سے دوچار ہے۔

دوسری جانب ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے دلچسپ اور طنزیہ تبصرے کیے جا رہے ہیں۔ بعض

صارفین نے دکاندار کی دکان کا پتہ اور لوکیشن معلوم کرنے کی کوشش کی، جبکہ کئی افراد نے اس غیر معمولی مماثلت پر مزاحیہ ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی مخالفت کا خمیازہ ایک عام دکاندار کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ کسی شخص کو محض چہرے کی مشابہت کی بنیاد پر نشانہ بنانا مناسب نہیں، کیونکہ اس میں دکاندار کا کوئی قصور نہیں۔

Scroll to Top