وزیراعظم شہباز شریف کے نوٹس پر چیئرمین واپڈا کا ہنگامی دورہ، تربیلا فائیو منصوبے کے مرکزی ڈھانچے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا

تربیلا: وزیراعظم شہباز شریف کے فوری نوٹس اور اعلیٰ سطحی ہدایات کے بعد تربیلا پانچویں توسیعی پن بجلی منصوبے پر حالات مکمل طور پر کنٹرول میں ہیں اور تمام تر کارروائیاں معمول کے مطابق جاری ہیں۔

چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد سعید نے خود جائے حادثہ کا تفصیلی دورہ کر کے ٹنل کے معمولی متاثرہ حصے کی صورتحال کا جائزہ لیا اور جامع محکمانہ انکوائری کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

ترجمان واپڈا نے واضح طور پر تمام قیاس آرائیوں اور افواہوں کو رد کرتے ہوئے عوام کو اطمینان دلایا ہے کہ تربیلا ڈیم کے مرکزی ڈھانچے اور تمام اہم ترین قومی تنصیبات کو مطلق کوئی خطرہ نہیں ہے اور نہ ہی کوئی بڑا نقصان ہوا ہے، اس لیے عوام اور متعلقہ حلقے غیر تصدیق شدہ اطلاعات اور منفی افواہوں پر بالکل کان نہ دھریں۔

یہ بھی پڑھیں : تربیلا پنجم توسیعی منصوبے کی سرنگ میں چٹانیں گرنے سے پانی داخل، تمام مزدور محفوظ، مرکزی سرنگ کو نقصان نہیں پہنچا، واپڈا

دورے کے دوران چیئرمین واپڈا کو حادثے کی ممکنہ وجوہات اور بروقت کیے جانے والے حفاظتی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

انہوں نے کنسلٹنٹس کو جامع اور شفاف رپورٹ جلد پیش کرنے کی ہدایت کے ساتھ ساتھ منصوبے کی رفتار برقرار رکھنے اور کسی بھی قسم کی تاخیر کو ناکام بنانے کے لیے فوری ہنگامی حکمت عملی نافذ کر دی ہے۔

عالمی بینک اور ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے مالی تعاون سے جاری یہ 1530 میگاواٹ کا عظیم الشان منصوبہ ملکی معیشت کی ترقی کے لیے ایک میل کا پتھر ہے اور انتظامیہ کی بروقت اور مؤثر کارروائی کی بدولت اس کی مقررہ وقت پر تکمیل کے لیے کام اور بھی تیز رفتاری کے ساتھ آگے بڑھایا جا رہا ہے۔

Scroll to Top