ملک میں ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی کا امکان

سردیوں کے موسم میں ایل پی جی (LPG) کی گھریلو اور تجارتی صارفین کے لیے دستیابی کو بہتر بنانے اور قیمتوں میں نمایاں کمی لانے کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جس کے تحت سوئی سدرن گیس کمپنی کی ذیلی کمپنی نے 70 ہزار میٹرک ٹن ایل پی جی کی خریداری کے لیے باضابطہ طور پر ٹینڈرز جاری کر دیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق سوئی سدرن کی ذیلی کمپنی ‘ایس ایل ایل انٹرنیشنل’ اسپاٹ مارکیٹ سے ایل پی جی کی درآمد کرے گی۔ اس مقصد کے لیے 20 ہزار اور 50 ہزار میٹرک ٹن کے دو الگ الگ ٹینڈرز جاری کیے گئے ہیں جبکہ پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) اور پارکو (PARCO) بھی عالمی منڈی سے ایل پی جی کی خریداری کریں گے۔

کمپنی ذرائع کا کہنا ہے کہ درآمدی ایل پی جی کا کارگو جہازوں کے ذریعے آئندہ 15 روز کے اندر پاکستان پہنچ جائے گا۔

ذرائع کے مطابق موجودہ عالمی نرخوں کے حساب سے یہ درآمدی ایل پی جی پاکستان پہنچ کر تقریباً 450 روپے فی کلو پڑے گی، جس میں معمولی منافع شامل کرکے اسے صارفین کو 460 روپے فی کلو میں فروخت کیا جا سکے گا۔

حکومت نے پی ایس او، سوئی سدرن اور پارکو کو درآمدی ایل پی جی کے نرخ خود مقرر کرنے کا اختیار بھی دے دیا ہے۔

کمپنی ذرائع کاکہنا ہے کہ اس درآمد کا بنیادی مقصد کاروباری منافع کمانا ہرگز نہیں بلکہ صرف مقامی مارکیٹ میں رسد کو بہتر بنانا اور قلت کا خاتمہ ہے۔

واضح رہے کہ اس وقت ملک بھر میں ایل پی جی کھلے بازار میں 530 سے 630 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔

یہ  بھی پڑھیں : کوہاٹ :غیر قانونی کان کنی کے خلاف آپریشن کے دوران پولیس گاڑی پر فائرنگ: 10 اہلکار شہید، پولیس کی جوابی کارروائی جاری

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس بڑی درآمدی کھیپ کی آمد سے مارکیٹ میں سپلائی میں نمایاں بہتری آئے گی جس کے نتیجے میں مہنگے داموں فروخت ہونے والی ایل پی جی کی قیمتوں میں زبردست کمی متوقع ہے۔

Scroll to Top