مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا ثمر ہارون بلور نے کوہاٹ کے علاقے دربوکچ، تھانہ گمبٹ کی حدود میں غیر قانونی گولڈ مائننگ کے خلاف کارروائی کے دوران پولیس اہلکاروں پر ہونے والے حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔
انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ فتنہ الخوارج اور جرائم پیشہ عناصر کا گٹھ جوڑ امن و امان کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے۔
انہوں نے شہداء کو شاندار خراجِ عقیدت اور سوگوار اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا جبکہ زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں اور دہشت گردوں نیز ان کے سہولت کاروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
واضح رہے کہ آج کوہاٹ کے علاقے گمبٹ میں درابو کچ کے مقام پر غیر قانونی کان کنی میں ملوث عناصر کے خلاف سرچ اور کریک ڈاؤن آپریشن کے دوران مسلح ملزمان نے اچانک پولیس موبائل پر فائرنگ کر دی۔
پولیس ذرائع کے مطابق دلخراش حملے اور ملزمان کی جانب سے پولیس گاڑی کو آگ لگانے کے نتیجے میں 10 پولیس اہلکار جامِ شہادت نوش کر گئے۔
واقعے کے فوری بعد سیکیورٹی فورسز کی مزید نفری طلب کر کے پورے علاقے کو مکمل طور پر سیل اور گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ملک میں سونے کی قیمت میں ایک بارپھر بڑی کمی
پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے ملزمان کے خلاف شدید جوابی کارروائی (کاؤنٹر اسٹرائیک) شروع کر دی ہے، اور علاقے میں فائرنگ کا تبادلہ اور سرچ آپریشن جاری ہے۔





