آئی سی سی کی نئی ون ڈے رینکنگ: پاکستانی اسٹار کی لمبی چھلانگ،ٹاپ تھری میں جگہ بنالی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے کرکٹ کی تازہ ترین رینکنگ جاری کر دی ہے جس میں پاکستان کے اسپنر ابرار احمد نے دو درجے ترقی کرتے ہوئے بولرز کی فہرست میں تیسری پوزیشن حاصل کر لی ہے اور نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

بولرز کی فہرست میں افغانستان کے راشد خان پہلے اور جنوبی افریقہ کے کیشو مہاراج دوسرے نمبر پر براجمان ہیں۔ پاکستان کے ون ڈے کپتان شاہین آفریدی ایک درجہ ترقی کے بعد مچل سینٹنر کے ساتھ مشترکہ طور پر چوتھے نمبر پر آ گئے ہیں۔ حارث رؤف 24ویں اور نسیم شاہ 55ویں نمبر پر برقرار ہیں، جبکہ عرفات منہاس دو درجے تنزلی کے بعد 73ویں پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔

بیٹرز کی رینکنگ میں بھارت کے کپتان شبمن گل پہلے، نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل دوسرے اور ویرات کوہلی تیسرے نمبر پر ہیں۔ پاکستانی بیٹرز میں بابر اعظم 661 پوائنٹس کے ساتھ نویں اور سلمان علی آغا 622 پوائنٹس کے ساتھ 13ویں نمبر پر برقرار ہیں۔

فخر زمان ایک درجہ ترقی کے بعد گلین فلپس کے ساتھ مشترکہ طور پر 36ویں، محمد رضوان 532 پوائنٹس کے ساتھ 43ویں اور صائم ایوب چار درجے بہتری کے بعد 468 پوائنٹس کے ساتھ 64ویں نمبر پر آ گئے ہیں، جبکہ شاداب خان بھی ایک درجہ ترقی کر کے 92ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : محکمہ موسمیات کی خیبرپختونخوا میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی

آل راؤنڈرز کی عالمی درجہ بندی میں افغانستان کے عظمت اللہ عمرزئی پہلے، زمبابوے کے سکندر رضا دوسرے اور افغانستان کے محمد نبی تیسرے نمبر پر ہیں۔ پاکستانی آل راؤنڈرز میں سلمان علی آغا 13ویں اور شاہین آفریدی 16ویں نمبر پر برقرار ہیں، جبکہ عرفات منہاس دو درجے ترقی کر کے 143 پوائنٹس کے ساتھ 31ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔

Scroll to Top