اسلام آباد پولیس اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی جانب سے اسعد محمود کے مبینہ فرنٹ مین جاوید اقبال خٹک کے رہائشی مکان پر چھاپے کی خبریں سامنے آئی ہیں۔ سیکٹر جی سکس میں واقع اربوں روپے کی قیمتی کوٹھی (مکان نمبر 11) کی ملکیت سے جاوید اقبال خٹک کا نام جڑا ہوا ہے۔
سرکاری اداروں کی اس کڑی کارروائی کے بعد جاوید اقبال خٹک کی گرفتاری کا قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اس واقعے نے جائیداد کی خریدوفرخت، مالی معاملات اور مبینہ فرنٹ مین کے کردار سے متعلق کئی سنجیدہ سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق مکان نمبر 11 کی خریداری کے پس منظر اور ملکیت کے دستاویزات کی باریک بینی سے تفتیش اس کیس کا مرکزی نقطہ بن سکتی ہے۔ تفتیش کے دائرے میں وسعت سے جائیداد کے مالی ذرائع، پیسے کی منتقلی اور اس سے جڑے دیگر کرداروں کی جانچ کا امکان ہے۔
اس وقت سب سے اہم سوال یہ اٹھ رہا ہے کہ اتنی خطیر رقم کی جائیداد کن ذرائع سے خریدی گئی، اس کا حقیقی مالکانہ حق کس کا ہے اور جاوید اقبال خٹک کا اسد محمود کے ساتھ مبینہ تعلق کس نوعیت کا رہا ہے۔
امکان ہے کہ پولیس اور ایف آئی اے کی پیش رفت کے بعد مزید اہم انکشافات سامنے آئیں گے۔ اگر تحقیقات میں مالی بے ضابطگیاں ثابت ہوتی ہیں تو کیس کی زد میں دیگر شخصیات اور جائیدادیں بھی آ سکتی ہیں۔





