خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں امن و امان کے قیام اور قانون کی بالادستی کے لیے کی جانے والی ایک بڑی کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج اور جرائم پیشہ عناصر کے بزدلانہ حملے میں ڈی ایس پی اور اے ایس آئی سمیت 10 بہادر پولیس اہلکار جامِ شہادت نوش کر گئے۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز کی بھرپور جوابی کارروائی میں 18 خوارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا ہے۔
کوہاٹ میں فرض کی راہ میں جانیں قربان کرنے والے تمام 10 پولیس شہدا کا تعلق اسی ضلع سے تھا۔
شہدا کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی ہے جس میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے خصوصی طور پر شرکت کی اور شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
نمازِ جنازہ میں عسکری و سول حکام، پولیس افسران اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی جہاں فضا سوگوار لیکن شہدا کے نعروں سے گونجتی رہی۔
ذرائع کے مطابق یہ تمام پولیس اہلکار کوہاٹ کے ایک دور افتادہ پہاڑی علاقے میں دریا کے کنارے جاری سونے کی غیر قانونی کان کنی (مائننگ) کو روکنے کے لیے ایک گرینڈ آپریشن کے سلسلے میں گئے تھے۔
جب پولیس پارٹی وہاں پہنچی تو فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں اور مقامی جرائم پیشہ مافیا نے پہلے سے گھات لگا کر پولیس پر اچانک اور بزدلانہ فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں شدید مقابلہ ہوا۔
اس اچانک اور شدید حملے میں خیبرپختونخوا پولیس کے نڈر افسران (ڈی ایس پی اور اے ایس آئی) سمیت 10 جوانوں نے دلیری سے مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔
تاہم پولیس کے باقی ماندہ دستوں نے ہمت نہ ہاری اور فوری طور پر پوزیشن سنبھالتے ہوئے جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں فائرنگ کے طویل تبادلے کے بعد 18 خوارجی دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں : وزیر داخلہ محسن نقوی کا خوارج پر کاری ضرب لگانے والے شیر دلوں کو سلام:شہدا کوخراج عقیدت، لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار !
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کوہاٹ میں پولیس پارٹی پر ہونے والے اس بزدلانہ حملے کی پُرزور الفاظ میں مذمت کی ہے۔
انہوں نے فرض کی راہ میں جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے 10 پولیس اہلکاروں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کا یہ خون رائیگاں نہیں جائے گا اور دہشت گردی کے خلاف یہ جنگ اس کے انجام تک جاری رہے گی۔





