مشیر برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ، ریلیف، بحالی و آبادکاری ثمر ہارون بلور نے کہا ہے کہ زندگی میں آنے والی بڑی سے بڑی رکاوٹیں اور صدمات بھی عزمِ مصمم اور حوصلے کے سامنے شکست کھا جاتے ہیں۔
وہ گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج زریاب کالونی پشاور میں یومِ اقبال کی مناسبت سے منعقدہ ایک پروقار اور پرجوش تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کر رہی تھیں۔
انہوں نے اس موقع پر طالبات کو خود اعتمادی، اعلیٰ تعلیم، محنت اور عملی زندگی کے ہر میدان میں آگے بڑھنے کی پرزور تلقین کی۔
اپنے خطاب کے دوران ثمر ہارون بلور نے اپنی زندگی کے انتہائی مشکل اور کٹھن ادوار کا احوال طالبات کے سامنے رکھا۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی شادی محض 18 برس کی کم عمر میں ہو گئی تھی جب وہ خود بھی ایک طالبہ تھیں۔
دہشت گردی کے اس ناسور نے ان کے گھر کو بھی نشانہ بنایا ان کے سسر شہید بشیر احمد بلور کو سفاکیت کا نشانہ بنایا گیا اور اس کے تقریباََ پانچ برس بعد ان کے شریک حیات ہارون بشیر بلور شہید بھی دہشت گردی کی بھینٹ چڑھ گئے۔
یہ بھی پڑھیں : فتنہ الخوارج اور جرائم پیشہ عناصر کا گٹھ جوڑ امن کےلیے سنگین خطرہ:ثمر ہارون بلور کی کوہاٹ پولیس پر حملے کی شدید مذمت
ان کے معصوم بچوں نے دادا اور والد کی شہادت کے ہولناک صدمات اپنی آنکھوں سے دیکھے تاہم اس تاریک ترین گھڑی میں انہوں نے ہمت ہارنے کے بجائے اپنے ذات کے غم کو بھلا کر پورے خاندان اور بچوں کو سنبھالنے کی بھاری ذمے داری نبھائی۔
انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ہمارا دشمن ہمیشہ بزدل رہا ہے جو رات کے اندھیرے میں چھپ کر وار کرتا ہے لیکن وہ اور ان کا خاندان ہمیشہ سینہ تان کر اس کے سامنے کھڑے رہے ہیں اور آج بھی اسی پامردی کے ساتھ ڈٹے ہوئے ہیں۔
شوہر کی شہادت کے بعد پیش آنے والے حالات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے انکشاف کیا کہ بچوں کی خواہش پر انہوں نے ان کی انتخابی نشست سے سیاست کے میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا۔
اس وقت انہیں طرح طرح کے مشورے دیے گئے اور کہا گیا کہ روایتی پشتون معاشرے میں خواتین کو ووٹ نہیں ملتے اور پشاور میں کسی خاتون کا الیکشن جیتنا ناممکن ہے۔
اس کے باوجود انہوں نے کامیابی یا ناکامی کی پروا کیے بغیر عملی قدم اٹھانے کا تہیہ کیا۔
ابتدائی ایام میں ان کی انتخابی مہم کے دوران پوسٹرز پر ان کا نام یا تصویر چھاپنے کے بجائے صرف بیگم ہارون بلور لکھاجاتا تھا۔ لیکن آج پشاور کے غیور عوام خود ان کے نام کے بڑے بڑے بل بورڈز لگاتے اور ان کی تصاویر آویزاں کرتے ہیں۔
پشاور کی عوام نے انہیں دو بار منتخب کر کے جو محبت اور اعتماد بخشا، وہ ان کے لیے اعزاز ہے۔
ثمر ہارون بلور نے طالبات پر زور دیا کہ معاشرے میں روایتی رکاوٹوں اور لوگوں کی بے بنیاد باتوں کو اپنے خوابوں کی راہ میں حائل نہ ہونے دیں۔
انہوں نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے ہمسایہ ملک میں ایک وقت ایسا بھی تھا جہاں بچیاں آزادی سے تعلیم حاصل کرتی تھیں اور خواتین ڈاکٹرز، نرسیں اور پائلٹ کے طور پر خدمات انجام دیتی تھیں لیکن آج وہاں خواتین کے حقوق کی جو حالت ہے وہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہمیں اس تلخ حقیقت سے سبق سیکھنا ہوگا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین کی تعلیم، آزادی اور عملی میدان میں مساوی مواقع کا تحفظ ہم سب کا مشترکہ فریضہ ہےکیونکہ اگر کسی ایک بھی بیٹی کا راستہ روکا جائے تو درحقیقت پورے معاشرے کی اجتماعی ترقی کا راستہ بند ہو جاتا ہے۔
تقریب کے آخر میں یومِ اقبال کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کے فلسفہ، افکار اور شاعری کو نوجوان نسل کے لیے بہترین مشعلِ راہ قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں : ایشین ٹیم اسکواش چیمپئن شپ کے فاتح قومی کھلاڑیوں میں 40 لاکھ روپے کے نقد انعامات تقسیم
انہوں نے طالبات کو نصیحت کی کہ وہ اقبال کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں ، خود پر پختہ یقین رکھیں اور بڑے خواب دیکھ کر اپنی منزل کا تعین کریں۔
انہوں نے تقریب کے کامیاب انعقاد پر کالج کی پرنسپل اور انتظامیہ کو بھی مبارکباد پیش کی۔





