گورنر خیبرپختونخوا کے مشیر برائے تعلیم و سماجی بہبود ڈاکٹر عامر عبداللہ نے صوبائی دارالحکومت پشاور میں محکمہ سماجی بہبود کے زیر انتظام پناہ گاہ بشیر آباد اور بے سہارا بچوں کے لیے قائم کفلتی ادارے زمونگ کور کا اچانک بلا اطلاع دورہ کیا۔
اس دورے کے دوران انہوں نے دونوں اداروں میں مقیم افراد کو فراہم کی جانے والی سہولیات، صفائی و ستھرائی کے معیار اور انتظامی امور کی باریک بینی سے تفتیش کی اور انتظامی غفلت پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔
ڈاکٹر عامر عبداللہ نے پناہ گاہ بشیر آباد پہنچ کر ایک عام شہری کی طرح اپنا نام رجسٹر کروایا اور مسافروں کے لیے مخصوص رہائشی کمروں کا جائزہ لیا۔
اس حیران کن اقدام کے بعد انہوں نے وہاں موجود مسافروں سے ذاتی طور پر ملاقات کی اور انہیں ملنے والی سہولیات سے متعلق تفصیلی گفتگو کی۔
معائنے کے دوران پناہ گاہ کے مختلف حصوں سمیت واش رومز میں انتہائی ناقص صفائی، گندگی اور لائٹوں کی عدم دستیابی عیاں ہوئی، جس پر مشیرِ سماجی بہبود نے شدید ناپسندیدگی ظاہر کرتے ہوئے موقع پر ہی نوٹس لیا۔
پناہ گاہ کا دورہ مکمل کرنے کے بعد انہوں نے بے سہارا اور مسکین بچوں کی دیکھ بھال کے لیے قائم ادارے زمونگ کور کا رخ کیا۔
وہاں پہنچ کر انہوں نے بچوں کے ساتھ انتہائی شفقت اور پیار کا اظہار کرتے ہوئے ان کے رہائشی کمروں کی حالت دیکھیں۔
ڈاکٹر عامر عبداللہ نے روایتی طرز عمل سے ہٹ کر بچوں کے ساتھ شام کے کھانے میں باقاعدہ شرکت کی اور خود ان کی خوراک اور دیکھ بھال کا معیار پرکھا۔
ادارے کے کچن اور باتھ رومز میں صفائی کے بگڑتے معیار اور بدانتظامی کو دیکھ کر مشیر سماجی بہبود نے متعلقہ حکام کی شدید کلاس لی۔
انہوں نے فوری احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ دونوں اداروں میں صفائی ستھرائی کے نظام کو ہنگامی بنیادوں پر درست کیا جائے، تمام بنیادی سہولیات کی بلاتعطل دستیابی یقینی بنائی جائے اور انتظامی ڈھانچے کو متحرک اور مؤثر بنایا جائے۔
یہ بھی پڑھیں : امن و خوشحالی کے لیے نوجوانوں کی فکری سوچ اہمیت کی حامل ہے : ڈاکٹر عامر عبداللہ
انہوں نے واضح اور دوٹوک الفاظ میں تنبیہ کی کہ محکمہ سماجی بہبود کے تحت چلنے والے اداروں میں مقیم مسافروں، مستحق شہریوں اور بے سہارا بچوں کو معیاری اور صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا حکام کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی لاپرواہی یا غفلت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔





