امن و امان پر حملہ برداشت نہیں ! مشیر برائے داخلہ کفایت اللہ خان کا ملک دشمن عناصر کے لئے بڑا پیغام!

گورنر خیبرپختونخوا کے مشیر برائے داخلہ و قبائلی امور، خوراک اور ویمن ایمپاورمنٹ کفایت اللہ خان نے ضلع کوہاٹ میں غیر قانونی مائننگ کے خلاف جاری کارروائی کے دوران پولیس گاڑی پر ہونے والی فائرنگ کے افسوسناک واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور واقعے کی فوری تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

انہوں نے فرض کی راہ میں جامِ شہادت نوش کرنے والے پولیس اہلکاروں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان بہادر سپوتوں کی قربانیاں تاریخ میں ہمیشہ سنہری حروف سے یاد رکھی جائیں گی۔

واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے مشیرِ گورنر کفایت اللہ خان نے متعلقہ حکام کو واضح احکامات جاری کیے ہیں کہ پولیس پارٹی پر حملے میں ملوث عناصر کی بلا تاخیر نشاندہی کی جائے اور انہیں فوری طور پر گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

اس کے ساتھ ہی انہوں نے فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمی جوانوں کے علاج معالجے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے اور انہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

کفایت اللہ خان نے شہید ہونے والے اہلکاروں کے سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے اپنی جانوں پر کھیل کر فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : کوہاٹ حملے پر وزیراعظم کا سخت ردِعمل: شہدا کو سلام، مافیا اور خوارج کا گٹھ جوڑ کچلنے کا اعلان

ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس فورس کی یہ لازوال قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔

انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت اس مشکل گھڑی میں شہدا کے اہلِ خانہ کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں کسی بھی سطح پر تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

Scroll to Top