کوہاٹ حملے پر وزیراعظم کا سخت ردِعمل: شہدا کو سلام، مافیا اور خوارج کا گٹھ جوڑ کچلنے کا اعلان

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ضلع کوہاٹ کے علاقے دارہ بکاخ میں پولیس پارٹی پر ہونے والے بزدلانہ دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ڈی ایس پی حیدر زمان سمیت خیبر پختونخوا پولیس کے 10 بہادر افسران و اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے جامِ شہادت نوش کرنے والے جوانوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وطن عزیز کے امن و استحکام پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

اپنے خصوصی بیان میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کے نڈر افسران اور سپاہیوں نے دہشت گردوں کا مردانہ وار مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے فرض شناسی، جرأت اور بہادری کی ایک عظیم مثال قائم کی ہے۔

انہوں نے جوابی کارروائی کے دوران 18 خوارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے کو کے پی پولیس کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں، شجاعت اور دہشت گردی کے خلاف غیر متزلزل عزم کا منہ بولتا ثبوت قرار دیا۔

کوہاٹ میں جرائم پیشہ عناصر کی ایما پر فتنہ الخوارج کی جانب سے پولیس پر کیے گئے حملے کے حوالے سے وزیرِ اعظم نے کہا کہ جرائم پیشہ مافیا اور فتنہ الخوارج کا یہ گٹھ جوڑ ملک میں بدامنی اور انتشار پھیلانے کی ایک مذموم کوشش ہے۔

تاہم ریاست ایسے شرپسند عناصر کو ان کے ناپاک عزائم میں ہرگز کامیاب نہیں ہونے دے گی اور ملک سے دہشت گردی کے عفریت کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔

وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس نے دہشت گردی کے خلاف اس طویل جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں اور پولیس سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوان جس ثابت قدمی سے فرائض انجام دے رہے ہیں وہ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔

یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم شہباز شریف کے نوٹس پر چیئرمین واپڈا کا ہنگامی دورہ، تربیلا فائیو منصوبے کے مرکزی ڈھانچے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا

شہباز شریف نے شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہدا کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پوری قوم اپنی بہادر فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

Scroll to Top