پشاور میں سکیورٹی ہائی الرٹ، سی سی پی او ڈاکٹر میاں سعید کا رات گئے اجلاس، تھانوں، چوکیوں اور حساس مقامات کا سکیورٹی آڈٹ کرنے کا حکم

پشاور: شہر میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور سکیورٹی انتظامات مزید مؤثر بنانے کے لیے سی سی پی او ڈاکٹر میاں سعید کی زیرِ صدارت رات گئے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پولیس نفری میں اضافے، سرکاری تنصیبات اور اہم مقامات کی سکیورٹی کا ازسرِنو جائزہ لینے سمیت حفاظتی اقدامات مزید سخت کرنے کے لیے نئی گائیڈ لائنز اور ہدایات جاری کی گئیں۔

اجلاس میں شہر کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، پولیس کی سکیورٹی حکمت عملی اور حساس مقامات پر حفاظتی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر سی سی پی او ڈاکٹر میاں سعید نے ڈویژنل ایس پیز کو تمام تھانوں، پولیس چوکیوں، چیک پوسٹوں اور حساس مقامات کا ازسرِنو سکیورٹی آڈٹ کرنے کی ہدایت کی، تاکہ موجودہ حفاظتی انتظامات میں موجود خامیوں کی نشاندہی کرکے انہیں فوری طور پر دور کیا جا سکے۔

سی سی پی او نے ہدایت کی کہ پولیس اسٹیشنز، چوکیوں اور چیک پوسٹوں کی عمارتوں، اندرونی و بیرونی سکیورٹی اور دستیاب پولیس نفری کا تفصیلی جائزہ لیا جائے۔

بالخصوص حساس مقامات پر تعینات پولیس اہلکاروں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور ضرورت کے مطابق پولیس نفری میں اضافہ کیا جائے۔

اجلاس میں تمام تھانوں اور پولیس چوکیوں میں سی سی ٹی وی کیمروں اور تھرمل کیمروں کی تنصیب اور انہیں ہمہ وقت فعال رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں : شدید دھند کا راج، موٹروے ایم فور اور ایم فائیو کے اہم سیکشنز ٹریفک کے لیے بند

سی سی پی او نے سکیورٹی انتظامات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پولیس اسٹیشنز اور چوکیوں کی باؤنڈری والز کی بلندی میں اضافہ کرنے، حفاظتی بیگز نصب کرنے اور داخلی و خارجی راستوں کو مزید محفوظ بنانے کے احکامات بھی جاری کیے۔

ڈاکٹر میاں سعید نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سرکاری تنصیبات، اہم عمارتوں اور حساس مقامات کی سکیورٹی میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

تمام مقامات پر سکیورٹی انتظامات کا مسلسل جائزہ لیا جائے اور دستیاب وسائل کو مؤثر انداز میں استعمال کرتے ہوئے حفاظتی اقدامات کو مزید بہتر بنایا جائے۔

سی سی پی او نے اجلاس میں جاری کردہ تمام احکامات پر من و عن عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو تین دن کے اندر کیے گئے اقدامات سے متعلق تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ شہر میں امن و امان کا قیام اور شہریوں سمیت پولیس اہلکاروں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے، جس کے لیے تمام متعلقہ افسران اپنی ذمہ داریاں پوری مستعدی اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیں۔

Scroll to Top