اسلام آباد: ملک کے مختلف علاقوں میں شدید دھند اور گھنے کہرے کے باعث موٹرویز پر حدِ نگاہ انتہائی کم ہوگئی، جس کے پیشِ نظر موٹروے پولیس نے ایم فور اور ایم فائیو کے متعدد سیکشنز کو ٹریفک کے لیے عارضی طور پر بند کر دیا ہے۔
موٹروے پولیس کے ترجمان سید عمران احمد کے مطابق موٹروے ایم فائیو کو ملتان سے ظاہر پیر تک جبکہ ایم فور کو خانیوال سے عبدالحکیم تک ٹریفک کے لیے بند کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ شدید دھند اور ٹریفک کے دباؤ کے باعث ایم فور کو پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم تک بھی بند کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق موٹرویز کی بندش کا فیصلہ مسافروں کی جان و مال کے تحفظ اور ممکنہ ٹریفک حادثات سے بچاؤ کے لیے کیا گیا ہے۔ موٹروے پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : مہنگائی کے ستائے عوام پر گیس مہنگی ہونے کا خدشہ، سوئی گیس کمپنیوں نے قیمتوں میں اضافے کی درخواستیں دائر کر دیں
موٹروے پولیس نے ڈرائیورز کو مشورہ دیا ہے کہ دھند کے دوران سفر سے حتی الامکان گریز کریں اور ضرورت کے تحت سفر کے لیے دن کے اوقات، خصوصاً صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک کا وقت ترجیح دیں۔
مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ دورانِ سفر گاڑیوں کے درمیان مناسب فاصلہ برقرار رکھیں، رفتار کم رکھیں اور فوگ لائٹس سمیت ہیڈ لائٹس اور بیک لائٹس روشن رکھیں تاکہ حادثات سے محفوظ رہا جا سکے۔
موٹروے پولیس کے مطابق شدید دھند کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنا اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنا انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے انتہائی ضروری ہے۔





